بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان کی لاڈلی بہن ارپتا اور سیاستداں انیل شرما کے فرزند اور سابق مرکزی وزیر سکھ رام کے نواسے بزنسمین آیوش شرما 17 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ یہ شادی پنجابی ہندو رسم و رواج کے مطابق شاہوں کے شہر حیدرآباد کے شاہی محل ہوٹل تاج فلک نما میں انجام پائی جس میں بالی ووڈ کے علاوہ ملک کے کئی شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی طاقتور اور نامور شخصیتوں نے شرکت کی۔ منگل کو ہوٹل تاج
فلک نما کا نظارہ بھی بڑا دلکش تھا شام ساڑھے چار بجے بارات کے ساتھ گھوڑی پر سوار آیوش شاہی محل تاج فلک نما میں داخل ہوئے۔ ہر طرف خوشیاں بکھری ہوئی تھیں سلیم خان، سلمان خان، ارباز خان اور سہیل خان نے بارات کا استقبال کیا، اس کے بعد جئے مالا اور پھر پھیرے ہوئے۔ ویسے تو رات بھر اور صبح ہونے تک پارٹی میں رقص کی محفلیں چلتی رہیں لیکن ان میں سلمان خان اور ہیلن نے بھی ڈانس کا زبردست مظاہرہ کیا۔ پنجابی گلوکار میکا سنگھ اور یویو ہنی سنگھ نے اس تقریب میں اور بھی جان ڈال دی۔ شادی کی رسم سے قبل ارپتا نے ایک تحریر لکھی وہ اسٹیج سے اسے پڑھنا چاہتی تھیں لیکن وہ کافی جذباتی ہوگئیں اور وہ پرینکا چوپڑہ کے پاس گئیں اور ان سے خواہش کی کہ وہ اسے پڑھ کر سنائے۔ پرینکا نے ارپتا کی تحریر کو پڑھا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’وہ بہت خوش نصیب ہیں کہ انہیں اس گھرانے میں پرورش ملی ان کے بھائی ان کے لئے ان کی اعتمادی کے ستون ہیں۔ انہوں نے شادی سے پہلے تک سہیل بھائی کے ساتھ ایک ہی روم میں قیام کیا۔ وہ میرے لئے دوست جیسے ہیں ۔ ارباز بھائی میرے رہبر ہیں وہ مجھے اچھے اور برے کی تمیز سکھاتے ۔ سلمان بھائی بڑے دل کے مالک ہیں وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں سلیم خان، سلمیٰ اور ہیلن جیسے والدین ملے، تقریب کے دوران سلمان خان نے چکنی چمیلی گیت پر اپنی سابقہ گرل فرینڈ کیٹرینہ کیف سے کہا کیٹرینہ تمہارا گانا بج رہا ہے۔ اسٹیج پر آجاؤ کیٹرینہ کرن جوہر کے پیچھے چھپنے لگیں۔ سلمان نے کہا کرن یہاں آجاؤ اور کیٹرینہ کو بھی لے آؤ جب کیٹرینہ نے اسٹیج پر آنے سے انکار کردیا تو سلمان نے کہا ٹھیک ہے کیٹرینہ کپور اسٹیج پر آجاؤ جب کیٹرینہ اسٹیج پر آگئیں۔ تو سلمان نے کہا ’’میں کیا کروں‘‘ میں نے تمہیں کیٹرینہ خان بننے کا موقد یا تھا لیکن تم نے ’’کیٹرینہ کپور‘‘ کا انتخاب کیا، سلمان خان نے اسٹیج پر سیکل سے انٹری کی بعد میں ارباز خان اور سہیل خان اور ساجد نڈیاڈ والا ان کے ساتھ ہوگئے۔ اور جینے کے ہے چار دن کے گیت پر سلمان کا مشہور توال ڈانس اسٹپ کیا گیا۔قارئین کو یہاں یہ بتاتے چلیں کہ اس قدر شایان شان ہوئی شادی کی دلہن ارپتا آخر کون ہے؟ ممبئی میں ایک صبح سلیم خان اور ان کی اہلیہ سلمیٰ جب چہل قدمی کے لئے باہر نکلے تو انہوں نے فٹ پاتھ پر ننھی ارپتا کو روتا بلکتا پایا۔ جنم دینے والی ماں کی موت ہوگئی تھی سلیم اور سلمیٰ نے اس ننھی جان کو گود لے لیا اور اسے جی جان سے پال پوس کر بڑھا کیا۔ سلیم اور سلمیٰ نے جہاں اسے ماں باپ کی ممتا اور شفقت دی وہیں سلمان، ارباز اور سہیل نے بھائیوں کا پیار دیا۔ اسے کبھی کسی کمی کا احساس ہونے نہیں دیا اور اس طرح سلیم خان کے خاندان والوں نے جذبہ انسانیت کی ایک مثال قائم کردی۔ ارپتا کو اچھے سے اچھے اسکولس میں تعلیم دلوائی گئی پھر انہیں لندن اسکول آف فیشن سے پڑھایا گیا فی الحال وہ ممبئی میں انٹیریئر ڈیزائنر ہے۔ ان کا ارادہ ان کا اپنا فیشن لیبل شروع کرنے کا ہے۔ ارپتا کے لئے بھی ان کا خاندان ان کے لئے سب سے بڑھ کر ہے۔ ان کی ایک کلائی پر بڑے سے ٹیٹو میں سلیم خان، ہیلن، سلمیٰ، سلمان خان، ارباز خان اور سہیل خان کا نام کندھ ہے۔ یہ بھی ایک عجیب و غریب بات ہے کہ سلیم خان کے گھر ابھی تک کوئی شادی مکمل طور پر مسلم طرز کی نہیںہوئی اور نہ ہی ان کے گھر ابھی تک کوئی مسلم لڑکی دلہن بن کر آئی۔ بتاتے چلیں کہ سلیم خان کی پہلی بیوی سلمیٰ بھی ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کا اصلی نام شیلا چڈک ہے۔ شیلا کی محبت میں سلیم اس قدر دیوانے ہوگئے تھے کہ انہوں نے صرف 160 روپے جمع کرکے رجسٹرڈ میریج کرلیا تھا۔ یہی نہیں اسی دن انہوں نے مسلم ہندو اور عیسائی روایت کے مطابق شادی بھی کی تھی۔ اس کے بعد ایک ایسی صورتحال پیدا ہو گئی تھی کہ سلیم نے اپنے وقت کی مشہور ڈانسر ہیلن سے شادی کرلی۔ ہیلن یہودن ہیں۔ سلیم کے سب سے چھوٹے بیٹے سہیل خان نے بھی ایک پنجابی لڑکی سیما سچدیو سے شادی کی ہے۔ شادی کے بعد سلیم خان اور سہیل خان میں سے کسی نے بھی سیما کو اپنا نام بدلنے کے لئے زور نہیں دیا۔ سلمان کے ایک اور بھائی ارباز خان نے ملائیکہ اروڑہ سے عیسائی مذہب کے مطابق شادی کی تھی لیکن اس کے بعد دونوں نے نکاح بھی کیا اور نکاح کے موقع پر ملائیکہ کا نام مہر النساء بیگم رکھا گیا تھا۔ آخری لمحات میں قاضی صاحب نے کہا تھا کہ ملائیکہ نام مسلم نام ملکہ کے قریب ہے۔ اس لئے نام بدلنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ سلمان خان کی ایک اور بہن الویرانے ہندو لڑکے اداکار اتل اگنی ہوتری سے شادی کی ہے۔ یہ بھی قیاس لگایا گیا تھا کہ اگر سلمان کیٹرینہ کیف سے شادی کرتے ہیں تو اس خاندان میں مسلم افغانی باپ اور عیسائی ماں کی بیٹی دلہن بن کر آئے گی لیکن یہ بات ابھی تک ادھوری ہی ہے۔