لاہور: بالی ووڈ کے معروف فنکاروں نے دھڑا دھڑ پاکستانی فلمیں سائن کرنا شروع کردیں۔ورسٹائل اداکارنصیرالدین شاہ کے بعد معروف اداکارسونوسود نے بھی پاکستانی فلم میں کام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وہ نوجوان ہدایتکارعدیل پی کے کی پہلی فلم ’’عشق پوزیٹو‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرینگے۔ اس سلسلہ میں عدیل پی کے نے ممبئی کے فلم سٹی اسٹوڈیومیں سونوسود سے گزشتہ روز ملاقات کی اورفلم میں کام کرنے کی رضامندی ظاہرکرنے پرفلم کی شوٹنگ کا شیڈول ترتیب دے ڈالا۔ ممبئی سے فون پربات کرتے ہوئے عدیل پی کے نے ’’ایکسپریس‘‘ کوبتایا کہ میں بطورفلم ڈائریکٹر اپنی پہلی فلم ’’عشق پوزیٹو‘‘ کے دو کرداروں کی تلاش میں بھارت آیا تھا۔ جب میں پاکستان سے ممبئی کے لیے نکلا تومیں اپنی فلم میں اداکارسونوسود اورورسٹائل کرن کھیر کوسائن کرنا چاہتا تھا۔ممبئی کے فلم سٹی اسٹوڈیو میں سونو سود کوفلم کی کہانی اوران کے کردار کے بارے میں جونہی میں نے بتایاتوانھوں نے کام کرنے کی رضامندی ظاہر کردی۔ دوسری جانب اداکارہ کرن کھیرجو بھارتی جنتا پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں ، اپنی سیاسی مصروفیت کے باعث شاید فلم میں کام نہ کرسکیں۔ اس لیے میں نے فلم میں معروف بھارتی فوک گلوکارہ واداکارہ ایلا ارون کوفلم میں کام کرنے کی پیشکش کی ہے جومجھے ایک روز بعد اس حوالے سے آگاہ کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ عشق پوزیٹو ‘‘ کی شوٹنگ لاہور اورآزاد کشمیرمیں کی جاچکی ہے جب کہ شوٹنگ کا آئندہ سپیل بھارتی فنکاروں کے ساتھ کیا جائے گا۔ جس کے لیے ہم جلد ہی وطن واپسی پر پریس کانفرنس کرکے باقاعدہ شوٹنگ شیڈول کا اعلان کرینگے۔