لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر اور وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ریاست میں نظم و نسق کے سلسلہ میں لاپروائی برتنے پر ذمہ دار افسرکو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نظم ونسق کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ نظم و نسق چست و درست رہے اس کی ذمہ داری ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی کی ہے۔ وزیر اعلیٰ تحریک آزادی کے مجاہد اور سابق رکن اسمبلی آنجہانی گنجی پرساد یادو کی ۱۷ویں برسی کے موقع پر چندولی ضلع کے مرکزی کالج میں منعقدہ جلسہ کو خطاب کر رہے تھے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ پارلیمانی انتخاب کی جنگ میں ہم بھلے ہی پیچھے رہے ہوں لیکن حقیقی جنگ ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی کبھی مایوس نہیں ہوتے گزشتہ دو برسوں میںسماجوادی حکومت نے جو کام انجام دئے ہیں اس طرح کے کام دیگر ریاست کی حکومتیں نہیں کر سکی ہیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ اس بات کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت کو ایک خراب بندوبست وراثت میں ملا تھا۔ سماج وادی پارٹی کے سامنے ایک مشکل چیلنج تھا کیونکہ فرقہ پرستی کا راستہ آسان ہوتا ہے اور سیکولرازم کا راستہ مشکل ہو تا ہے اسی لئے سماج وادی پارٹی نے مشکل راستے کا انتخاب کیا کیونکہ سماج وادی جمہوری اصولوں اور اقدار میں یقین رکھتے ہیں اسی لئے مشکل لڑائی میں بھی سماج وادی پارٹی کوپہلے سے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ریاست میں سماج وادی پارٹی کی طاقت سب سے زیادہ ہے اور وہ سب سے مضبوط پارٹی ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ پارلیمانی انتخاب میں جو لوگ گمراہ ہو گئے ہیں انہیں سمجھانا ہے اور دوسرے لوگوں کو شامل کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے گزشتہ دو برسوں میں غریبوں ، کسانوں اور نوجوانو ں کو جو مدد بہم پہنچائی ہے اس طرح کی مدد ملک کی کسی بھی ریاستی حکومت نے نہیں دی ہے۔
تعلیم اور صحت کے میدانوں میں ریاستی حکومت کی کاوشوں کی سبھی ستائش کرتے ہیں ۔ سماج وادی پارٹی حکومت نے بیروزگاروں کو بیروزگاری بھتہ دیا اور اب تعلیم دوستوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا اس کیلئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صفائی ملازمین کے مطالبات بھی منظور کر لئے گئے ہیں لیکن ریاستی حکومت کے فیصلوں کی غلط طریقہ سے تشہیر کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سماج وادی پارٹی حکومت کے اقتدار کے تین سال باقی ہیں اور ان تین برسوں میں سڑک ، پل ، بجلی ، تعلیم اور صحت کی سہولیات کو فروغ دینے کیلئے بہت کام کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی حکومت جلد ہی سماجوادی پنشن اسکیم کا آغاز کرنے جا رہی ہے جس کے ذریعہ غریب، معذور اور بیوہ خواتین وغیرہ جن کیلئے زندگی گزارنا بہت مشکل ہے ان کیلئے مالی امداد مہیا کرائی جائیں گی۔ مسٹر یادو نے کہا کہ یہ پنشن اسکیم ریاست کی سب سے بڑی اسکیم ہوگی۔ اس موقع پر ریاست کے وزیر سیاحت اوم پرکاش سنگھ ،وزیر جیل راجندر چودھری ، محکمہ تعمیرات عامہ اور آبپاشی کے وزیر مملکت سریندر پٹیل اور سابق پارلیمنٹ نیرج شیکھر نے بھی جلسہ کو خطاب کیا۔