گورکھپور : ٹرک ڈرائیور کی پٹائی کرنے کے بعد نقلی سپاہی نے اسے لوٹ لیا۔پیڈلے گنج پولس چوکی کے قریب نقلی سپاہی ڈرائیور سے روپئے مانگ رہاتھا۔مخالفت کرنے پر وہ لڑائی کرنے پر آمادہ ہوگیا۔نقلی سپاہی کی پٹائی کرنے کے بعد اسے پولس کو سپرد کردیا۔کاروباری کی تحریر پرپولس نے لوٹ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق عالمگیر احمد،مچھلی کا کاروباری ہے۔وہ آج صبح مہیوا منڈی سے ٹرک میں مچھلی بھرنے کے بعد ٹرک لے کر پڈرونہ جارہاتھا۔رسول پور کا باشندہ عبدالمنا ن ٹرک چلارہاتھا۔پیڈلے گنج چوکی کے قریب ایک نوجوان نے ٹرک روکنے کے بعد روپئے مانگے۔الزام ہے کہ ڈرائیور سے تکرار ہونے کے بعد نوجوان نے اس کی جیب سے ۵۶۰روپئے زبردستی نکال لئے۔ نوجوان نے خود کو پولس چوکی کا سپاہی منٹوسنگھ بتایا۔ٹرک میں بیٹھے ہوئے کاروباری سے مزید سو روپئے دینے کے لئے کہا۔مخالفت کرنے پر نوجوان ہاتھاپائی پر آمادہ ہوگیا۔چوکی کے سامنے ہی اس نے ڈرائیور اور تاجر کی پٹائی کردی۔مقامی لوگوں نے نوجوان کو پکڑ ا تو معلوم ہوا کہ وہ نقلی سپاہی بن کر رقم وصول کررہاتھا۔لوگوں نے نقلی سپاہی کو پولس کے حوالے کردیا۔حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد کاروباریوں نے ملزم کے خلاف تھانہ میں لوٹ کی تحریر درج کرادی ہے۔ پولس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد نقلی سپاہی کو حراست میں لے لیا۔