کانپور (نامہ نگار)یوپی کی ایس ٹی ایف اور راجستھان کی ایس اوجی مشترکہ ٹیم نے نقلی نوٹ سپلائی کرنے والے گروہ کے ایک شخص کو کلکٹر گنج تھانہ علاقہ سے گرفتار کرلیا ہے۔پولیس ٹیم گروہ کے سرغنہ اور دیگر ساتھیوں کی تلاش میں روانہ ہوگئی ہے۔ملک میں نقلی نوٹوں کے کاروبار کے خاتمہ کے لئے تمام ریاستوں کی پولیس کے ذریعہ چیکنگ مہم شروع کی گئی ہے۔ مہم کے تحت ایسے لوگوں پر نگرانی رکھی جارہی ہے جو نقلی نوٹوں کا کاروبار کررہے ہیں۔ اسی سلسلہ میں چیکنگ کے دوران راجستھان کی ایس اوجی ٹیم نے یوپی ایس ٹی ایف ٹیم کی مددسے اٹاوہ کے باشندہ سرجیت کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے سرجیت کے قبضہ سے ۳لاکھ ۳۷ہزار روپئے کے نقلی ن
وٹ برآمد کئے۔تمام نوٹ پانچ سو روپئے کے ہیں۔پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ اس نے ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپئے میں نقلی نوٹ مغربی بنگال کے فرخہ سے خریدے تھے اور انہیں سپلائی کرنے کے لئے اٹاوہ لے جارہاتھا۔ اس کام کے لئے اسے دوہزار روپئے دیئے گئے تھے۔ سرجیت نے بتایا کہ اس کاروبارمیں اس کا ایک دیگر ساتھی بھانو بھی شامل ہے اور وہ اٹاوہ کا باشندہ ہے ۔ایس پی مشرق نے بتایا کہ مخبر کی اطلاع ملنے کے بعد یوپی ایس ٹی ایف کی ٹیم نے نوجوان کو نقلی نوٹوں کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ پوچھ گچھ کے بعد اٹاوہ پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی سرجیت کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔ ایس پی نے بتایا کہ اس معاملے میں مغربی بنگال پولیس سے بھی رابطہ کیا گیا تاکہ نقلی نوٹوں کا کاروبار کرنے والوں تک پہنچا جاسکے ۔