ایم آئی 17 ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر مسافروں اور سامان کی منتقلی کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں
پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں پاکستانی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا ہے۔
فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر نے کریش لینڈنگ کی اور اس حادثے میں چار غیر ملکیوں سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ہلاک شدگان میں دو پائلٹوں کے علاوہ ناروے اور فلپائن کے سفیر اور ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سفیروں کی بیگمات شامل ہیں۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق یہ حادثہ جمعے کی صبح نلتر کے علاقے میں پیش آیا۔
ٹوئٹر پر انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی ساخت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا اور اس پر 11 غیر ملکی اور چھ پاکستانی سوار تھے۔
اطلاعات کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر اترنے کے عمل کے دوران نلتر کے آرمی پبلک سکول کی عمارت سے ٹکرا گیا۔
ناروے کے سفیر لیئف ایچ لارسن بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں
شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے ابتدائی طور پر حادثے میں تین افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی تھی تاہم بعدازاں ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں دو پائلٹ اور چار غیر ملکی ہلاک ہوگئے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر پر سوار بقیہ افراد کو مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے سربراہ کے مطابق زخمی ہونے والوں میں پولینڈ اور ہالینڈ کے سفیر بھی شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم ہاؤس کے ایک اہلکار کے مطابق یہ تمام افراد نلتر میں پاکستانی فضائیہ کے سکی انگ ریزورٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حادثے کے بعد وزیرِ اعظم نواز شریف کے دورۂ نلتر کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو دورانِ پرواز اس حادثے کی اطلاع ملی جس کے بعد وہ گلگت اترے بغیر ہی واپس اسلام آباد آ گئے۔