اقوام متحدہ:پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں ایک بار پھر کشمیر کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ کا پرامن طریقے سے حل تلاش کرنا ضروری ہے ۔ اس کیلئے انہوں نے چار نکاتی تجویز بھی پیش کی۔مسٹر شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نکالنا دونوں ملکوں کیلئے ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ “ پاکستان ہندستان کے ساتھ بات چیت کو تیار ہے ۔ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے خلاف ہتھیاروں کا استعمال کرنا بند کردینا چاہئے ۔ ہم ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں”۔انہوں نے کہا کہ 1947 سے اب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوا ہے اور پاکستان اس مسئلہ پر ہندستان کے ساتھ از سرنو بات چیت کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ “ سرحد پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی ہورہی ہے ۔ دونوں ملکوں کو 2003 میں کنٹرول لائن پر ہوئے جنگ بندی سے متعلق معاہدوں کا اخترام کرنا چاہئے ”۔