نئی دہلی: کشمیری علیحدگی پسند تنظیم حریت کانفرنس کے رہنما سید علی شاہ گیلانی کی جانب سے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو ایک خفیہ مکتوب ارسال کیا گیا ہے ، جس میں شاید ہندوستان اور پاکستان کے درمیان معطل امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کی تدابیر پر مشورے دیئے گئے ہیں۔پاکستانی ہائی کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ مسٹر گیلانی نے میاں نواز شریف کو ایک خفیہ مکتوب بھیجا ہے ۔ حریت کانفرنس کے ترجمان ایاز اختر نے بھی ایک باقاعدہ بیان جاری کرکے اس بات کی تصدیق کی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ حریت کانفرنس کا ایک سہ رکنی وفد منگل کو پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط سے ملاقات کرنے کے لئے یہاں آیا تھا اور اس ملاقات میں ہائی کمشنر کو میاں نواز شریف کے نام سے لکھا گیا خط سونپا گیا۔ تاہم، اگرچہ انہوں نے خط میں تحریر کی گئ¸ باتوں کا انکشاف نہیں کیا لیکن اتنا ضرور بتایا کہ خط میں جو بھی لکھا ہے ، وہ انتہائی خفیہ موضوع ہے ۔خیال رہے کہ مسٹر ایاز کو علی شاہ گیلانی کا کافی قریبی معتمد سمجھا جاتا ہے ۔
مسٹر ایاز کے اس بیان سے یہ قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ شاید اس خفیہ مکتوب میں مسٹر گیلانی نے ہندو ستان اور پاکستان کے درمیان زیر تعطل امن مذاکرات کو پھر سے بحال کرائے جانے کے معاملہ میں ہی کچھ تجاویز تحریر کی ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان قومی سلامتی کے مشیر وں کی سطح کے مذاکرات منسوخ ہو جانے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب حریت کانفرنس کے رہنما نے پاکستان کے ہائی کمشنر سے ملاقات کی ہے ۔