نئی دہلی، 29 اپریل (یواین آئی)سپریم کورٹ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) چھ میں اسپاٹ ف سنگ اور سٹے بازی معاملے میں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی ) کے صدر این شری نواسن اور 12 دیگر کھلاڑیوں کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کرنے کو لے کر منگل کو فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔جسٹس اے کے پٹنائک اور جسٹس فقیر محمد ابراہیم خلیف اللہ کی بینچ نے بی سی سی آئی کے وکیل کی دلیلیں سننے کے بعد نئی جانچ کمیٹی کی تشکیل پر فیصلہ محفوظ رکھ لیا ۔سپریم کورٹ شری نواسن اور 12 کھلاڑیوں کے خلاف الزامات کی جانچ کا ذمہ جسٹس مکل مدگل کی سربراہی میں کمیٹی کو ہی دینے کے حق میں نظر آ رہا تھا ۔ لیکن بی سی سی آئی کے وکیل نے نئی کمیٹی کی تشکیل پر خاص زور دیا ۔اس درمیان مدگل کمیٹی نے عدالت عظمی سے کہا کہ اسے نئے سرے سے تفتیش میں کم سے کم چار ماہ لگیں گے ۔ ساتھ ہی کمیٹی میں مرکزی تفتیشی ب
یورو ( سی بی آئی ) کے سابق خصوصی ڈائریکٹر ایم ایل شرما کو شامل کرنے پر زور بھی دیا گیا ہے ۔گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی کے ذریعے دی گئی تفتیشی ٹیم کو مسترد کر دیا تھا جس میں سابق آل راؤنڈر روی شاستری ، سی بی آئی کے سابق ڈائریکٹر آر کے راگھون شامل تھے ۔ عدالت نے بورڈ کے اس مجوزہ پینل کے مفادات کے ٹکراؤ کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس پینل کو مسترد کر دیا تھا ۔غور طلب ہے کہ عدالت عظمی نے گزشتہ سال اکتوبر میں جج مدگل کی صدارت میں آئی پی ایل چھ معاملے کی جانچ کے لئے تین رکنی کمیٹی قائم کی تھی ۔ اس کمیٹی نے 10 فروری کو اپنی رپورٹ عدالت میں دائر کی تھی ۔ خود مدگل کمیٹی نے عدالت میں اس معاملے کی آگے کی تفصیلی جانچ کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔اس کے بعد بی سی سی آئی کی خود مختاری برقرار رکھنے کے لئے عدالت نے اسے آگے کی جانچ کے لئے اپنی ایک ٹیم تجویز کرنے کو کہا تھا ۔ تاہم اس معاملے میں درخواست گزار کرکٹ ایسوسی ایشن آف بہار کے سیکرٹری آدتیہ ورما کی ناراضگی کے بعد عدالت نے مدگل کمیٹی کو ہی آگے کی جانچ کے لئے کہا تھا ۔ لیکن عدالت نے کہا کہ سبھی فریقین اور مدگل کمیٹی کے جواب حاصل ہونے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ بورڈ کی انتظامیہ نے بیس اپریل کو اپنے جلسے میں سابق ہرفن مولا روی شاستری ،کلکتہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جے این پٹیل اور سی بی آئی کے سابق ڈائریکٹر آر کے راگھون کو کمیٹی کا ممبر بنایا تھا۔ عدالت نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی کے الزامات پر وہ اپنی آنکھیں بند نہیں کرسکتی اور تصویر صاف ہونے کے بعد ہی جانچ ضروری ہے۔ کیونکہ مہر بند لفافے میں دی گئی رپورٹ میں کچھ خاص کھلاڑیوں کے نا م بھی شامل ہیں۔ اس سے پہلے جسٹس مدگل نے تین رکنی کمیٹی کو مہر بند لفافے میں رپورٹ سنوپ دی تھی۔ دوسری جانب بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجے پٹیل کو بڑودہ کرکٹ سنگھ بی سی اے کی انتظامیہ کمیٹی سے ہٹا دیاگیا ۔ بی سی اے کے سکریٹری انشومن گائیکواڈ نے یہ اطلاع دی۔ پٹیل بی سی اے کے نامزد سکریٹری تھے ان کے علاوہ انتظامیہ کمیٹی کے تین اور ممبران کو ہٹا دیاگیا ہے۔ گائکوارڈ نے پریس سے کہا کہ پٹیل اور تین دیگر افراد کو انتظامیہ کمیٹی سے ہٹانے کے سلسلے میں نوٹس بھیج دئیے گئے ہیں۔ جن تین افراد کو نوٹس بھیجاگیا ہے ان میں ہیمنت چوکسی ،ڈاکٹر آنند رائو پٹیل ،اور وکیل کوشک بھٹ شامل ہیں۔