نئی دہلی: دہلی پولیس نے دو لڑکوں کو گرفتار کہا ہے جنہوں نے ڈانس ریلٹی شو میں شامل ہونے کے واسطے پیسہ حاصل کرنے کے لئے 13 سالہ لڑکے کو اغوا کرکے قتل کردیا ہے ۔پولیس کے مطابق بدر پور کے رہنے والے راجیش گپتا نے 16 ستمبر کو گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس کا بیٹا سوپنیش اسکول گیا تھا مگر واپس نہیں آیا۔ 20 ستمبر کو راجیش کو کسی نے فون کرکے اس کے بیٹے کی رہائی کے عوض 60 ہزار روپے زر فدیہ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے فوراً پولیس کو اس کی خبر دے دی۔پولیس نے جاسوسی شروع کی اور پتہ چلا کہ یہ کال ایک لڑکی نے فرید آباد سے کی تھی۔اسے پکڑنے کے لئے جال بچھایا گیا کیونکہ وہاں ایک لڑکا اور لڑکی مشتبہ انداز میں موٹر سائیکل پر جارہے تھے ان دونوں کو 23 ستمبر کو پکڑلیا گیا۔
پوچھ تاچھ کے دوران ملزمان نے جو 17 اور 18 سال کے تھے انکشاف کیا کہ وہ غریب کنبوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ریلٹی شو ڈانس انڈیا ڈانس میں شرکت کرکے نام کمانا چاہتے تھے جس کے لئے انہیں 60 ہزار روپے کی اشد ضرورت تھی۔اس لئے انہوں نے سوپنیش کو اغوا کرنے کا منصوبہ تیار کیا جو بدر پور کی ڈانس اکادمی آتا جاتا رہتا تھا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ان دونوں نے بچہ کو اغوا کیا اور اسے اس بہانے سے کہ رودر پور میں ڈانس شو ہے کاشی پور (اتراکھنڈ) لے گئے ۔زرفدیہ مانگنے سے قبل انہیں یہ خیال آیا کہ اگر وہ لڑکے کو والدین سے پیس لے کر اسے چھوڑ دیں گے تو وہ انہیں بتا دے گا کہ کس نے اسے اغوا کیا تھا۔ جس سے وہ گھبراگئے اور لڑکے کو رام نگر میں رانی کھیت روڈ کے نزدیک ایک پہاڑی پر لے گئے اور اس کی اسکول بیلٹ سے گلا گھونٹ کر لاش کو پہاڑی سے پھینک دیا اور دہلی واپس آگئے ۔ڈی سی پی مندیپ رندھاوا نے بتایا ہے کہ زرفدیہ کی مانگ کے لئے استعمال ہونے والا موبائل اور پیسہ لینے کے لئے استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد ہوگئی ہے ۔