لکھنؤ۔(نامہ نگار)راجدھانی کی کاکوری پولیس کیلئے سال نو کا پہلا دن قتل کی واردات لے کر سامنے آیا۔ کاکوری علاقے میں ایک نوجوان کا گلا ریت کر قتل کردیا گیا۔ فی الحال مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ایس پی دیہات حبیب الحسن نے بتایا کہ کاکوری کے بلیا گاؤں میں نہر کے کنارے کی پٹی پر بدھ کی دیر رات تقریباً بارہ بجے ایک تیس سالہ نوجوان کو خون سے لت پت لوگوں نے دیکھا۔ گاؤں والوں کی اطلاع پر موقع پر پہنچی کاکوری پولیس نے تفتیش کی تو نوجوان کے گلے پر دھار دار اسلحہ سے حملے کے نشان ملے۔ نوجوان کی سانس چل رہی تھی پولیس نے نوجوان کو ٹراما سنٹر میں داخل کرایا جہاں دوران علاج اس کی موت ہوگئی۔پولیس نے نوجوان کے بارے میں مقامی لوگوں سے شناخت کی بھی کوشش کی لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی۔ فی الحال پولیس نے نوجوان کی لاش کا پنچ نامہ بھر کر لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کا قتل کہیں اور کرنے کے بعد لاش کو نہر کے نزدیک پھینکا گیا ہے۔کاکوری پولیس نے نامعلوم نوجوان کی لاش ملنے کی اطلاع راجدھانی کے تھانوں کے علاوہ قرب وجوار کے اضلاع کی پولیس کو بھی دے دی ہے۔