یہ جوکووچ کا مجموعی طور پر 10 واں گرینڈ سلیم خطاب ہے
سال کے آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یوایس اوپن میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نواک جوکو وچ نے ایک سخت مقابلے کے بعد ورلڈ نمبر دو سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو 4-6، 7-5، 4-6 اور 4-6 سے شکست دے کر رواں سال اپنا تیسرا گرینڈ سلیم حاصل کیا۔
یہ جوکووچ کا مجموعی طور پر دسواں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل انھوں نے رواں سال آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن فرنچ اوپن کے فائنل میں شکست سے دو چار ہو گئے تھے۔
جبکہ سنہ 2009 کے بعد راجر فیڈرر پہلی بار یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچے تھے۔
بی بی سی کے ڈیوڈ لا نے بتایا کہ سٹیڈیم میں فیڈرر کے مداح زیادہ تھے اور ایک خاتون جو فیڈرر کے لباس جیسے لباس میں ملبوس تھیں وہ چوتھے راؤنڈ کے آخر میں بے قابو ہو کر رونے لگیں۔
جوکووچ نے رواں سال اپنا تیسرا گرینڈ سلیم خطاب حاصل کیا
نواک جوکووچ نے اپنی جیت کے بعد کہا:’ راجر جو کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ وہ اب بھی بہتری کی جانب مائل ہیں اور میرے دل میں ان کے لیے زبردست عزت ہے۔ جب آپ کو علم ہو کہ آپ کا مقابلہ بہترین کھلاڑی سے ہے تو آپ کو جیتنے کے لیے اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوتا ہے اور یہ شام میرے لیے ناقابل یقین تھی۔‘
راجر فیڈرر نے اس سے قبل کہا: ’یہ اچھی مسابقت ہے لیکن شاید آج کی رات نہیں! ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا ہمیشہ مشکل رہا ہے اور میرے خیال سے ہم دونوں یہاں سے اپنے بارے میں اور ایک دوسرے کے بارے میں بہتر علم کے ساتھ لوٹیں گے۔‘
17 بار گرینڈ سلیم جیتنے والے فیڈرر نے میچ سے قبل کہا تھا کہ ’رواں سال نوواک زبردست فارم میں ہیں اور ہم جب بھی کھیلتے ہیں تو میچ میں بہت کچھ ہوتا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا تھا کہ نواک ہارڈ کورٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں اور ذہنی طور پر بھی بہت مضبوط ہیں لیکن میں اس قسم کے چیلنج کو پسند کرتا ہوں اور میں اس کے لیے تیار رہوں گا۔‘
ومبلڈن کے بعد یہ ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کا دوسرا گرینڈ سلیم ہے
اس سے قبل بھارت کی ثانیہ مرزا اور سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس کی جوڑی نے یو ایس اوپن میں خواتین کے ڈبلز کا اپنے نام کیا ہے۔
ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی نے آسٹریلیا کی کیسی ڈیلاكوا اور قزاقستان کی ياروسلاوا شویدووا کی جوڑی کو مسلسل سیٹ میں 3-6، 3-6 سے شکست دی۔
اس سے پہلے ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی نے ومبلڈن میں بھی خاتون کے ڈبلز کا خطاب جیتا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز یوایس اوپن میں مارٹینا ہنگس نے بھارت کے لیئینڈر پیز کے ساتھ مکسڈ ڈبلز کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔
ہنگس اور پیز کی جوڑی نے رواں سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔