پٹنہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے نوٹ بندی پر مرکز کی نریندر مودی حکومت کی ایک بار پھر حمایت کرتے ہوئے آج کہا کہ نوٹ بندی کے بعد اب بے نامی جائیداد کو ضبط کرنے کے ساتھ ہی پورے ملک میں شراب بندی نافذ کرنی چاہئے تاکہ ملک کو بدعنوانی اور کالے دھن سے پور ی طرح آزاد کرایا جاسکے ۔مسٹر کمار نے یہاں شراب بندی دن کے موقع پر منعقد ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نوٹ بندی کے حامی ہیں لیکن مرکزی حکمت کو اس سے لوگوں کو ہونے والی پریشانیوں کا بھی دھیان رکھنا چاہئے ۔
یہ میری نجی رائے ہے کہ نوٹ بندی سے دو نمبر کا دھندا بند ہوا ہے ۔ بدعنوانی اور کالا دھن پر لگام لگانے کے لئے ملک بھر میں جو بھی کوشش کی جائے گی میں اس کی حمایت کروں گا۔میں وزیر اعظم سے درخواست کروں گا کہ بہار جیسے بڑے صوبے میں ہم نے شراب بندی نافذ کی ہے وہ اسے ملک بھر میں نافذ کریں کیوں کہ شراب کی تجارت بھی غیر قانونی تجارت کو فروغ دیتا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ صرف نوٹ بندی سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے بے نامی جائیداد ضبط کرنے کا عمل شروع کرنے کی بھی اپیل کی ۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ نوٹ بندی ، بے نامی جائیداد اور شراب کی تجارت پر لگام لگانے سے ہی ملک بدعنوانی اور کالے دھن سے پوری طرح پاک ہوسکے گا۔مسٹر کمار نے نوٹ بندی کی وجہ سے وزیر اعظم ہونے والے چوطرفہ حملے کے برخلاف ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جو ہمیں اچھا لگتا ہے ہم کرتے ہیں۔ بھلے ہی لوگ اس کا الگ الگ سیاسی مطلب نکالتے رہیں۔