لکھنؤ(بیورو)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے نیدر لینڈ دورہ سے واپسی کے بعد حکومت نے ریاست میں وہیں کی طرز پر سائکلنگ ٹریک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں اس سمت میں کافی اچھی کوششیں کی گئی ہیں جن کے مثبت نتائج وہاں نظرآرہے ہیں اور شہری زندگی میں ٹریفک جام جیسے مسائل سے کاف
ی راحت ملی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سائکلنگ ایک آلودگی سے پاک صحت مند اور کم خرچ والا نقل وحمل کا ذریعہ ہے جس کو موجودہ ماحول میں فروغ دیاجانا ضروری ہو گیا ہے۔
پرنسپل سکریٹری صنعت سنجیو سرن نے آج گوتم بدھ یونیورسٹی کیمپس گریٹر نوئیڈا میں نوئیڈا ترقیاتی اتھارٹی، جمنا ایکسپریس وے اتھارٹی اورآگرہ ترقیاتی اتھارٹی کے اعلیٰ افسران کی جانب سے منعقد ایک جلسہ میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، لکھنؤ اور آگرہ جیسے شہروں میں سڑکوں کے کنارے جگہ کی فراہمی کے مطابق سائیکل ٹریک بنائے جائیں گے اور ضرورت کے مطابق سائیکل اسٹینڈ کا بندوبست کیاجائے گاتاکہ مصروف ترین بازاروں میں لوگ چار پہیہ گاڑیوں کے بجائے سائیکل سے جائیںگے تو کافی حد تک آلودگی اور ٹریفک جام کے مسائل سے نجات ملے گی۔ پرنسپل سکریٹری سنجیو سرن نے نیدر لینڈ جیسے ممالک میںکئے گئے سائکلنگ ٹریک بندوبست کی ویڈیو دکھاتے ہوئے کہا کہ سائیکل ٹریک بننے سے قبل وہاں پر بہت زیادہ سڑک حادثات ہوتے تھے لیکن ان ممالک نے سائکلنگ کو فروغ دے کر سڑک حادثات کی تعداد بہت کم کر دی ہے۔ سائکلنگ کو فروغ دینے کیلئے موثر اور مفید سائکلنگ منصوبہ کی ضرورت ہوگی جس کیلئے ماہرین کی رائے حاصل کی جا رہی ہے۔ صنعتی علاقوں میں واقع صنعتی اکائیوں اوروہاں واقع دفاترکے سربراہوں سے گفتگو کر کے وہاں کام کرنے کیلئے آنے والے ملازمین کو سائیکل فراہم کرانے اور اسٹینڈ کا بندوبست کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو سائیکل سے اسکول آنے جانے کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے آسان اور محفوظ سائکلنگ ٹریک کا بندوبست کرنا ہوگا۔ میٹرو اسٹیشنوں پر بڑی تعداد میں لوگ ۴پہیہ پیٹرول ڈیژل سے چلنے والی گاڑیاں لے کر آتے ہیں، اگر میٹرو اسٹیشنوں پر سائیکل اسٹینڈ اور سڑکوں کے کنارے محفوظ ٹریک بنا دیئے جائیں تو ان چار پہیہ گاڑیوں کے بجائے لوگ سائیکل سے جانا پسند کریں گے۔