ویلنگٹن۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج بیاوول میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم ان دنوں ون ڈے سیریز کھیلنے نیوزی لینڈ میں موجود ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف تین ون ڈے میچ کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ون ڈے منگل کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا ون ڈے 24 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آ خری ون ڈے 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ کیوی بیٹسمین راس ٹیلر اور فاسٹ بولر ایڈم میلن انجری مسائل کے سبب جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔ پروٹیز اور کیویز کے درمیان سیریز کے تین ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے 21،24 اور27 اکتوبر کو شیڈول ہیں،بیٹسمین کین ولیمسن بھی بائیں کلائی میں تکلیف کے سبب ابتدائی میچ میں حصہ نہیں لے پائیں گے، تاہم ان کی سیریز کے باقی دو میچزمیں شمولیت کا انحصار ان کے مکمل صحتیاب ہونے سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ قرار دیے جانیو الے میزبان نیوزی لینڈ کو جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز سے قبل اپنے اہم پلیئرز کی انجری کا مسئلہ درپیش آگیا، میزبان بیٹسمین روز ٹیلر اور فاسٹ بولر ایڈم میلن انجریز مسائل کے سبب سیریز کے تینوں میچز میں باہر بیٹھے رہیں گے جبکہ بیٹسمین کین ولیمسن بھی کلائی میں تکلیف کے سبب ابتدائی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے، تاہم دیگر دو میچز میں ان کی شرکت ممکن بنانے کیلیے آئندہ ہفتے ان کی انجری کی نوعیت کا جائزہ لیا جائیگا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیلر کو بائیں پنڈلی میں تکلیف کا سامنا ہے جبکہ میلن کو کہنی کی انجری ہے، کین ولیمسن ہندوستان میں چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی20 کھیل کر حال ہی میں وطن واپس لوٹے ہیں، جہاں پر انھوں نے ناردرن نائٹس کی نمائندگی کی تھی، ان کی کلائی میں سوجن ہے، انھوں نے درد کش انجیکشن کی مدد سے ہندوستانی ایونٹ میں بمشکل اپنی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی کو کندھے میں تکلیف کا مسئلہ ہے، تاہم ان کی ون ڈے سیریز میں شرکت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، پروٹیز سے سیریز کے دو ابتدائی ون ڈے میچز21 اور 24 اکتوبر کو مونٹ مینگونی میں شیڈول کیے گئے جبکہ سیریز کا اختتام 27 اکتوبر کو ہیملٹن میں ہوگا، کیوی ٹیم رواں برس جنوری میں ہندوستان سے ہوم سیریز کے بعد پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی، اس کے بعد کیوی ٹیم کی اگلی منزل یواے ای ہوگی، جہاں پر پاکستان سے مکمل سیریز کھیلی جائیگی۔