کرائسٹ چرچ۔نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کپتان برینڈن میک کلم کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 441 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 138 رنز کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔کپتان میک کلم نے سری لنکا کو فالوآن کروا دیا ہے جس کے بعد سری لنکا نے دوسری اننگز کا اچھا آغاز کیا ہے اور دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر اس نے بغیر کسی نقصان کے 84 رنز بنا لیے تھے۔کشال سلوا 33 اور کرونارتنے 49 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔اس سے قبل میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف سات وکٹوں پر 429 رنز بنائے تھے لیکن دوسرے دن ان کی اننگز جلد ہی سمٹ گئی۔تاہم سری لنکا کی اننگز کا آغاز تباہ کن رہا اور 15 رنز کے سکور پر کمارا سنگاکارا سمیت اس کے تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ کپتان اینجلو میتھیوز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز نیوزی لینڈ کے بالز کے سامنے نہ ٹک سکا۔ میتھیوز نے 50 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور نیل ویگنر نے تین تین وکٹ لیے جبکہ ٹم ساؤدی اور جیمز نیشم کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔اس سے قبل کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹسٹ کے پہلے دن میک کلم پانچ رنز کی کمی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے۔وہ 134 گیندوں پر 195 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے اس اننگز کے دوران 11 چھکے اور 18 چوکے لگائے۔سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر بولروں کے موافق دکھائی دینے والی وکٹ پر میزبان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ایک موقعے پر 88 کے مجموعی سکور پر تین کھلاڑی آؤٹ کر کے سری لنکن بولروں نے ان کا فیصلہ درست ثابت بھی کر دیا تھا۔تاہم پھر میک کلم نے پہلے کین ولیمسن اور پھر جمی نیشم کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز میں بلے بازی کی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔اس دوران نیوزی لینڈ کے کپتان نے اپنی 11ویں سنچری 74 گیندوں پر مکمل کر کے نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹسٹ میچ میں تیز ترین سنچری کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔