ڈونیڈن ۔ 3 دسمبر: روز ٹیلر اور برینڈن میکولم کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک 3 وکٹوں کے نقصان پر367 رنز بنا لئے۔ برینڈن میکولم ناقابل شکست109 اور روز ٹیلز103 رنز بنائے دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 212 رنز بنائے۔ ہامیش رودرفورڈ 62 اور پیٹرفلٹن61 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ یہ برینڈن میکولم کے ٹیسٹ کیرئیر کی7 جبکہ روز ٹیلز کی نویں سنچری تھی۔ میچ کا پہلا روز بلے بازوں کے نام رہا۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے ٹینوبیسٹ ،ڈیرن سمی اور شین شیلنگفورڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ منگل کو یونیورسٹی اوول،ڈونیڈن میں میچ شروع ہوا تو ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان ڈیرن سمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے پیٹرفلٹن اور ہامیشن رودر فورڈ نے اننگز کا آغاز کیا۔ کیویز ٹیم کا آغاز عمدہ تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں95 رنز بنے اور ہامیش رودرفورڈ 62 رنز بنا کر شین شیلنگفورڈ کی گیند پر ڈیو نارائن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ آرون ایڈمونڈ دوسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 20 رنز بنا کر ٹینو بیسٹ کی گیند پر سمیولز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ پیٹرفلٹن تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 61 رنز بنا کر ڈیرن سمی کی گینڈ پر کریک ایڈورڈز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد روز ٹیلر اور کپتان برینڈن میکولم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں قیمتی 212 رنز بنائے اس دوران دونوں کھلاڑی نے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کرلیں اور ٹیم کے مجموعی سکور کو367 رنز تک پہنچا کر میچ پر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنا دی میچ کے ابتدائی روز جب کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنا لئے تھے۔کپتان برینڈن میکولم ناقابل شکست 109 اور روز ٹیلر ناقابل شکست 104 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ تھے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے ٹینوبیسٹ،ڈیرن سمی اور شین شیلنگفورڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔