ڈونیڈن ۔ 5 دسمبر : نیوزی لینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ‘ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل‘ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پرشکست کے بادل منڈلانے لگے۔ مہمان ٹیم کیویز اننگز کے سکور 609 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 213رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد فالو آن کا شکار ہوگئی اور اب اسکو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 228 رنز درکار ہیں۔ کیویز بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کے بعد بائولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹم سائوتھی نے 4 ‘ ٹرینٹ بولٹ نے 3 جبکہ ایش سودھی نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے شیو نارائن چندرپال 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز ٹیم نے فالو آن ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا لئے اور اسکو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 228 رنز کی ضرورت تھی۔جمعرات کو میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 67 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ڈیرن برائیو 37 اور مارلون سمیولز 14 رنز پر کھیل رہے تھے۔ ڈیرن برائیو 40 رنز بنا کر ٹم سائوتھی کی گیند پر برینڈن میکولم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ مارلون سمیولز چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے ۔ جو ٹم سائوتھی کی گیند پر روز ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ نار سنگھ ڈیو نارائن 15 رنز بنا کر ٹم سائوتھی کی گیند پر روز ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ دینش رامدین 12 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ اس موقع پر شیو نارائن چندر پال کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 76 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ شیلنگفرڈ 9 رنز بنا کر ایش سودھی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے ۔ ٹینو بیٹ نویں آئوٹ ہونے والی کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے رن آئوٹ ہوگئے۔ شانن گابریل آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ کپتان ڈیرن سیمی 27 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے اور یوں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کیویز اننگز کے سکور 609رنز کے جواب میں 213 رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد فالو آن کا شکار ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹم سائوتھی نے 4 ‘ ٹرینٹ بولٹ نے 3 جبکہ ایش سودھی نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا فالو آن ہونے کے بعد دوسری اننگز میں بھی آغاز مایوس کن رہا۔ کیرن پاول 14 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ کرک ایڈورڈز دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 59 رنز بنا کر ایش سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ میچ کے تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز ٹیم نے فالو آن ہونے کے بعد 2 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا لئے تھے اور اسکو اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے مزید 228 رنز درکار تھے جبکہ اس کی 8 وکٹیں ابھی باقی تھیں ۔ ڈیرن برائیو 72 اور مارلون سمیولز 17 کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔