نئی دہلی: پرانی دہلی میں لال قلع کے پاس واقع نیپالی مارکیٹ میں کل رات سنگین طور پر آگ لگ گئی۔ فائر برگیڈ کی 14 گاڑیوں کو آگ پر قابو پانے میں ساڑے چار گھنٹے لگے ۔
فائر برگیڈ کے افسران نے بتایا ہے کہ انہیں رات ایک بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔
فوراً 14 گاڑیاں روانہ کردی گئیں ۔ آگ نے قریب ڈیڑھ سو دوکانوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ رات ہونے کی وجہ سے بازار خالی تھا لہذا کسی کے زخمی ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے لیکں وہاں گرم کپڑوں کی دوکانوں میں رکھا ہوا کروڑوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ یہ دوکانیں نیپالی لوگوں کی ہیں اور اس نقصان سے بے حد غمزدہ ہیں ۔ پولیس اور انتظامیہ سے مدد مانگ رہے ہیں کہ وہ ان نقصان کی بھرپائی کریں ۔
آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ پولیس معاملہ کی جانچ کررہی ہے ایک روز قبل صدر بازار میں بھی آگ لگی تھی جس سے دوکانوں کے ساتھ ساتھ کئی جھونپڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئی تھیں ۔