نیویارک: پاکستان کے ذریعہ سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے اور دہشت گرد تنظیموں کی معاونت کرنے کی وجہ سے گزشتہ کچھ عرصہ سے دونوں پڑوسی ملکوں کے مابین رشتوں میں آئی تلخی اس وقت تھوڑی کم ہوگئی جب دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے ایک دوسرے کو آداب کہا۔
اقوام متحدہ کی امن بردار فوج کی کانفرنس میں جب پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا سامنا وزیراعظم نریندر مودی سے ہوا تو مسٹر شریف نے ہاتھ اٹھا کر مودی کو آداب کہا اور خیرسگالی کے طور پر مسٹر مودی نے بھی جواب میں ہاتھ ہلاکر آداب کہا۔واضح رہے کہ حال ہی میں کشمیر اور پنجاب میں دہشت گردانہ حملوں اور سرحد پار سے اندھا دھند فائرنگ کے خلاف احتجاج میں ہندستان نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنے سے انکار کردیا تھا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے مودی کے امریکہ دورے سے قبل ہی اعلان کردیا تھا کہ دونوں ملکوں کے رہنما¶ں کے مابین کوئی دو طرفہ بات چیت نہیں ہوگی ۔لیکن سامنا ہونے پر دونوں رہنما اگر ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے ہیں تو یہ محض خیرسگالی کی بات ہوگی۔