لکھنؤ:کاکوری کے سکروہی گاؤں میں وائرل بخار پھیلنے کا معاملہ روشنی میں آنے کے بعد سی ایم او ڈاکٹر ایس این ایس یادو نے گاؤں کا دورہ کیا۔ سی ایم او کا کہنا ہے کہ گاؤں میں صرف ۵۱-۰۲مریض ہیں جبکہ بقیہ کو سردی بخار کی شکایت ہے جو تبدیل ہوتے موسم کی وجہ سے ہے۔ سی ایم او ڈاکٹر یادو کا کہنا ہے کہ گاؤں میں حالات اتنے خراب نہیں ہیں کہ وہاں ڈاکٹروں کی اضافی ٹیم یا پھر کیمپ لگانے وغیرہ کی ضرورت ہو۔ سی ایم او دفتر کے تین ڈاکٹروں کے ساتھ سکروہی کا دورہ کرنے پہنچے سی ایم او نے گاؤںپردھان و دیگر افراد سے ملاقات کرنے کے ساتھ پرائمری ہیلتھ سینٹر کا بھی معائنہ کیا۔ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ فی الحال صحت مرکز پر چار ڈاکٹر تعینات کئے گئے ہیں جو لوگوں کو طبی مدد مہیا کرا رہے ہیں۔ ڈاکٹر یادونے کہا کہ موسم میں ہو رہی تبدیلی کی وجہ سے کچھ لوگوں کو سردی بخار ضرور ہو گیا ہے لیکن یہ کوئی سنگین بات نہیں ہے۔ حالانکہ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ پورے گاؤں میں اب بھی تقریباً ۰۵۱لوگوں کی طبیعت خراب ہے اور تین درجن سے زیادہ افراد بستر و اسپتال میں ہیں۔