وارانسی: اترپردیش کے قدیم مذہبی شہر اور وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں گنگا اور اس کی اہم معاون ندی ورونا کی آبی سطح میں مسلسل اضافہ سے سیلاب کی صورتحال مزید خطرناک ہوتی جا رہی ہے ۔
گزشتہ دو دنوں تک بارش نہ ہونے سے سیلاب سے راحت کی امیدوں پر آج صبح سے ہو رہی تیز بارش نے پانی پھیر دیا ہے ۔ حالت یہ ہے کہ گنگا۔ ورونا ساحل کے نصف درجن گاؤں مکمل طور جزیرہ میں تبدیل ہو گئے ہیں جبکہ 115 گاؤں سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
شہری علاقوں میں گنگا۔ورونا کے کنارے آبادبیشتر کالونیوں میں سیلاب کا پانی گھس گیا ہے ۔ خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی گنگا۔وروناا کے ذیلی علاقے میں مقیم بڑی تعداد میں سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لئے ضلع انتظامیہ پوری کوشش کر رہی ہے ، لیکن کئی مقامات پر یہ ناکافی ثابت ہو رہا ہے ۔