لندن: آسٹریلین نائب کپتان ڈیوڈ وارنر ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کے سبب بقیہ دورہ انگلینڈ سے باہر ہونے کے ساتھ ساتھ چھ ہفتے کیلئے کرکٹ کھیلنے سے محروم ہو گئے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلین اننگ اور میچ کی دوسری ہی گیند وارنر کیلئے آخری ثابت ہوئی۔
اسٹیون فن کی گیند ہاتھ پر لگنے کے فوراً بعد اوپننگ بلے باز نے طبی امداد کیلئے میڈیکل اسٹاف کو طلب کیا اور صلح مشورے کے بعد ریٹائرڈ ہو کر فیلڈ سے جانے پر مجبور ہو گئے۔ بعد ازاں تفصیلی طبی معائنے کے بعد وارنر کے انگوٹھے میں فریکچر کا انکشاف ہوا جس کے باعث وہ ممکنہ طور پر چار سے چھ ہفتے کیلئے کرکٹ سے دور ہو گئے ہیں۔
اس انجری کے سبب دورہ انگلینڈ سے باہر ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی نو اکتوبر سے شروع ہونے والے دورہ بنگلہ دیش کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ آسٹریلیا ایک سخت سیزن سے قبل اپنے نائب کپتان کے سلسلے میں مکمل احتیاط اختیار کرے گا جسے دو ٹیسٹ میچوں کے دورہ بنگلہ دیش کے بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی بھی کرنی ہے۔