نئی دہلی۔ ٹیری والش کے استعفی کے بعد ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کے آسٹریلوی کوچ نیل ہاگڈ نے بھی ہندوستانی ہاکی سے ناطہ توڑتے ہوئے اس سال کے آخر میں ختم ہو رہے معاہدے کے تجدید سے انکار کیا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ ہاگڈ اب ملیشیا ہاکی ٹیم کے کوچ بنیں گے۔ہاکی انڈیا کے ایک اہلکار نے بتایاانہوں نے استعفی نہیں دیا ہے۔ وہ اپنے معاہدے کی تجدید نہیں کرنا چاہتے۔ دسمبر میں ان کا معاہدہ ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاہم ان کی کارکردگی سے خوش تھے اور ان کے ہاکی انڈیا سے اچھے تعلقات رہے لہذا ان کے معاملہ کے مقابلے ٹیری والش معاملے سے کرنا غلط ہوگا۔ وہ ڈھائی سال سے ہمارے ساتھ تھے۔ہاکی انڈیا نے بھی ایک بیان جاری کرکے تصدیق کی کہ اس سال کے آخر میں ہاگڈ ہندوستانی ہاکی سے الگ ہو جائیں گے۔ بیان میں کہا گیاہمیں دکھ ہے کہ نیل ٹیم کے ساتھ اپنے معاہدہ کو آگے نہیں بڑھا سکیں گے لیکن ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور ٹیم کو مضبوط بنانے کی سمت میں کئے گئے ان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہیں۔اس میں کہا گیا نیل کی رہنمائی میں ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے گزشتہ ڈھائی سال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹیم ریو اولم
پکس 2016 کیلئے کوالیفائی کرے گی اور اگر ایسا ہوتا ہے تو اس کا سہرا نیل کو جائے گا۔ہاگڈ کے کوچ رہتے ہندوستانی خاتون ٹیم نے 2013 ایشیا کپ اور 2014 انچیون ایشیائی کھیلوں میں کانسہ جیتا۔ دولت مشترکہ کھیلوں میں ٹیم پانچویں نمبر پر رہی اور گزشتہ سال ایشیائی چمپئن ٹرافی میں رنراپ رہی۔ اس کے علاوہ جونیئر ورلڈ کپ میں پہلی بار تمغہ جیتا۔