سوشل میڈیا ایپلیکشن واٹس ایپ نے انڈرائیڈ صارفین کے لیے اردو ورژن متعارف کرا دیا ہے۔
ویب سائٹ پرو پاکستانی کے مطابق واٹس ایپ کے شریک بانی برائن ایکٹن نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ واٹس ایپ اب اردو میں بھی (آنڈرائیڈ ڈیوائسز پر) دستیاب ہے۔
واٹس ایپ میسنجر کو اردو میں اپ ڈیٹ کرنے کے لیے صارف کو اپنے اسمارٹ فون کی لینگویج سیٹنگ میں اردو کو منتخب کرنا ہوگا۔
واٹس ایپ نے اپنے اردو ورژن کے لیے پاکستان میں موبائل فون کمپنی موبی لنک کے ساتھ اشتراک کیا ہے اور برائن ایکٹن کے مطابق اس موبائل کمپنی کے اشتراک سے ہم اپنے پاکستانی صارفین کو پاکستان اور بیرون ملک رابطے کی بہترین سہولت فراہم کررہے ہیں۔
واٹس ایپ کا اردو ورژن تیار کرنے میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے احسن سعید نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پراس کا اعلان کیا۔
ان کا کہناتھا کہ واٹس ایپ اردو سے اس اپلیکشن کو اپنے صارفین کی تعداد بڑھانے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ دنیا کا مقبول ترین میسنجر ہے جس کے صارفین کی تعداد نوے کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور امکان ہے کہ جلد یہ ایک ارب کا سنگ میل بھی عبور کرلے گا۔