نئی دہلی:ہندوستانی ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی کو ملک کے اعلی ترین کھیل ایوارڈ راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ اور ٹیم میں ان کے ساتھی اور بلے باز اجنکیا رہانے کو ارجن ایوارڈ کے لیے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے نامزد کیا گیا ہے ۔ بی سی سی آئی نے چار سال کے وقفے کے بعد کھیل رتن ایوارڈ کیلئے کھلاڑیوں کے نام کی تجویز پیش کی ہے ۔ اس سے پہلے 2012 میں بورڈ نے سابق ہندوستانی کپتان راہل دراوڑ کو اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا تھا۔ لیکن اس سال اولمپکس میڈلسٹ پہلوان یوگیشور دت اور شوٹر وجے کمار کو کھیل رتن سے نوازا گیا تھا۔ دراوڑ کو اگلے سال 2013 میں پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔وراٹ اگر اس اعلی ترین کھیل ایوارڈ کو حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو وہ اسے حاصل کرنے والے ملک کے محض تیسرے کرکٹر بن جائیں گے ۔ اس سے پہلے سال 1997-98 میں سابق بلے باز سچن تندولکر اور مہندر سنگھ دھونی کو سال 2007 میں کھیل رتن سے نوازا گیا تھا۔وراٹ کے علاوہ اس ایوارڈ کی دوڑ میں انچیون ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والے نشانے باز جیتو رائے ، گولفر انربا ن لاہڑی، ایتھلیٹ ٹنٹو لوکا اور اسکواش کھلاڑی دیپکا پللیکل بھی شامل مانے جا رہے ہیں۔
ہندوستانی ا سٹار بلے باز اور ٹیسٹ کپتان وراٹ کو 2013 میں ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ زبردست فارم میں چل رہے وراٹ اس سال ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم انڈیا کے سیمی فائنل میں ہارنے کے باوجود مین آف دی ٹورنامنٹ رہے تھے ۔ انہوں نے 136.50 کی اوسط اور 146.77 کے اسٹرائک ریٹ کے ساتھ 273 رن بنائے جس میں تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 آخری الیون میں بھی کپتان منتخب کیا گیا تھا۔وراٹ کے علاوہ ٹیم کے نئے ‘مسٹر بھروسے مند’کھلاڑی مانے جانے والے رہانے کو ان کی آخری کچھ وقت میں کھیل کے تمام فارمیٹس میں متوازن کارکردگی کے لئے ارجن ایوارڈ کے لیے بورڈ کی جانب سے نامزد کیا گیا ہے ۔ گذشتہ سال روہت شرما کو ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اس درمیان وزارت کھیل نے بھی بی سی سی آئی کی طرف سے تجویز کردہ کھلاڑیوں کے ناموں کی تصدیق کر دی ہے ۔ وزارت کھیل کے حکام نے کہا”ہمیں بی سی سی آئی کی طرف سے کچھ ناموں کی سفارش کی گئی ہے اور ہم ان ناموں کو سلیکشن کمیٹی کے پاس بھیج دیں گے ”۔ وراٹ فی الحال آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔ کھیل رتن کے ساتھ ارجن ایوارڈ کے لیے بھی کھلاڑیوں میں کافی سخت مقابلہ ہے ۔ رہانے کے علاوہ ارجن ایوارڈ کے لیے ایتھلیٹ للیتا بابر، اوپی جیشا، شوٹر پی این پرکاش، اپوروي چندیلا، شوٹر لکشمي راني ماجھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔ گذشتہ سال 2015 میں دنیا کی نمبر ایک خاتون ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کو کھیل رتن سے نوازا گیا تھا۔ ثانیہ مردزمرے کے کھلاڑی لینڈر پیس کے بعد یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی دوسری ٹینس کھلاڑی ہیں۔ کھیل رتن ایوارڈ حاصل کرنے والے کھلاڑی کو 7.5 لاکھ روپے جبکہ ارجن ایوارڈ حاصل کرنے والے کھلاڑی کو پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی جاتی ہے ۔