ممبئی۔(ایجنسی) بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن بیوروکریٹ کے کردار میں پردہ اسکرین پر نظر آئینگی، جس کو سپر ہٹ فلم ’’کہانی‘‘ بنانیوالے سوجے گھوش ڈائریکٹ کرینگے۔بتایا گیا ہے کہ سوجے گھوش کی ہدایتکاری میں ۲۰۱۲ میں بنائی جانیوالی فلم ’’کہانی‘‘ نے متعدد ایوارڈ حاصل کیے تھے جب کہ ودیا بالن بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھیں، اسی وجہ سے سوجے گھوش نے ایک مرتبہ پھر انھیں اپنی فلم میں کاسٹ کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس فلم میں اداکارہ کے ساتھ عرفان خان مرکزی کردار کرینگے۔ سوجے گھوش جن کے متعلق یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ ’’کہانی ۲‘‘کے اسکرپٹ
پر کام کر رہے ہیں جس کے بارے میں انھوں نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ میں کہانی پر کام ضرور کر رہا ہوں لیکن یہ ۲۰۱۲ء میں ریلیز ہونے والی فلم کا سیکوئل نہیں بلکہ نیا اسکرپٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی نئی فلم بھارتی بیوروکریٹ درگا شکتی ناگپال جسے گوتم بدھ نگر کرپشن اور غیرقانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کرنے سے شہرت حاصل ہوئی تھی اور اسے اترپردیش حکومت گریٹر نویڈا گائوں میں ایک عبادت گاہ کی دیوار گرائے جانے پر معطل کر دیتی ہے کی زندگی پر مبنی فلم بنا رہا ہوں۔ ودیا بالن فلم میں اسی خاتون بیوروکریٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں، ودیا بھی اس فلم کو لے کر کافی پرجوش دکھائی دے رہی ہیں۔ ڈائریکٹر نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ رواں برس میں کلکتہ میں شروع کر دی جائے گی۔ودیابالن نے اس فلم کے بارے میںبتایا کہ سو جے گھوش کی فلم میں ایک بیوروکریٹ خاتون کا کردار کر رہی ہوں جس کو بہتر انداز سے پرفارم کرنے کے لیے بیوروکریٹ خواتین کے بارے میں پڑھنے کے ساتھ ملاقاتیں بھی کر رہی ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب وہ پراجیکٹ کر رہی ہوں جس میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں، شادی شدہ زندگی سے بیحد خوش ہوں، سدھارتھ رائے کپور شوہر سے زیادہ دوست ہیں اور میرے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں، ا نہی کیوجہ سے فلمی کیرئیر بھی جاری رکھا ہوا ہے اگر وہ اجازت نہ دیتے تو میں کام نہ کرتی۔ ودیا بالن نے کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں اس میں ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کا بہت بڑا کریڈٹ ہے جنہوں نے میرے لیے کرداروں کا انتخاب کیا اور جس میں میری پرفارمنس کو سراہا گیا۔