کراچی۔ عالمی شہرت یافتہ تیزگیند باز اور 1992میں پاکستان کو ورلڈ کپ فتح دلانے والے وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ فاسٹ بولروں کے لئے چیلنج ثابت ہوگا۔ آ ئی سی سی کے لئے تحریرکردہ کالم میں وسیم اکرم نے کہا کہ آ سٹریلیا میں پہلی بار کھیلنے والے وہاں کی وکٹوں کے بائونس کو دیکھ کرخوش ہوں گے لیکن محدود اوورز کے لئے شارٹ آ ف گڈ لینتھ اور رفتار میں کمی بیشی کرنے والا بولر ہی کامیاب ہوسکتا ہے
۔یہاں پہلی بار بولنگ کرنے والوں کو مشکل پیش آ ئے گی۔ وسیم اکرم نے کہا کہ1992میں ہم خوش قسمت تھے کہ ہمارے پاس اعجاز احمد اور عامر سہیل جیسے پارٹ ٹائم بولر تھے۔ عاقب جاوید نپی تلی بولنگ سے رنز روکتے تھے اور میں اٹیک کرتا تھا۔ مشتاق احمد نے بھی آ سٹریلیا کی وکٹوں سے بائونس حاصل کیا۔ ورلڈ کپ کی دو گیندوں کو میں کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا میں نے پلان کے مطابق گیندیں کرائیں اور پاکستان کو تاریخی جیت کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔وہیں دوسری جانب سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے شاہد آفریدی کو اپنے نمبر پر بیٹنگ کرنے کا مشورہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی ٹیم کا سہارا ہیں جن کا نچلے نمبروں پر کھیلنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر وسیم اکرم نے سعید اجمل کو بھی ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا، ان کے بقول اسٹار آف اسپنر اگرچہ باصلاحیت ہیں لیکن ایسا بھی نہیں کہ وہ ٹیم کو میچ جتوا دیں کیونکہ انہیں میدان سے دور ہوئے کافی عرصہ ہو چکا ہے۔