ابو ظہبی۔آسٹریلیا کے قائم مقام کپتان جارج بیلی نے اعتراف کیا کہ اگلے سال فروری مارچ میں اپنی سر زمین پر ہونے والے ورلڈ
کپ کے دوران ان کی نمبر ون رینکنگ کوئی معنی نہیں رکھے گی۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو آخری ایک روزہ میچ میں ایک رن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 3۔0 سے جیت لی۔اس کے ساتھ ہی ہندوستان کو پچھاڑکر آسٹریلیا پھر ون ڈے رینکنگ میں نمبر ایک ٹیم بن گئی ہے۔ بیلی نے کہا کہ آپ کو ہر میچ جیتنا چاہتے ہیں اور ایک ٹیم کا ہدف دوسرے کا خاتمہ ہی ہوتا ہے۔انہوں نے کہاپھر سے نمبر ون کی درجہ بندی پانا اچھا ہے لیکن عالمی کپ میں اس کے کوئی معنی نہیں ہوں گے۔جیت کیلئے 232 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے اسد شفیق 50 اور شعیب مقصود 34 کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے 74 رن کی شراکت کے دم پر جیت کی راہ پر قدم رکھ دیا تھا۔لیکن اس نے پانچ وکٹ 54 رن کے اندر اندر گنوا دیئے۔بیلی نے کہا کہ ہماری جدوجہد اور مشکل حالات میں اچھی کارکردگی کوششوں کو دیکھ کر بہت اچھا لگا کیونکہ اس وقت تک پاکستان میچ میں بنا ہوا تھا۔ورلڈ کپ میں بھی ایسی ہی کارکردگی دیکھنے کو ملے گی۔