میلبورن۔دوبار ورلڈ کپ فاتح کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں مائیکل کلارک آسٹریلیا کی کپتانی کیلئے بہترین انتخاب ہے لیکن انہیں ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑ دینی چاہئے۔ پونٹنگ نے کہامیرا خیال ہے کہ یہ صحیح وقت ہے جب مائیکل کو عالمی کپ کے بعد ون ڈے کی کپتانی اسٹیون کو سونپ دینی چاہیے۔انہوں نے کہامائیکل ٹیسٹ کرکٹ میں دو تین سال اور کھیل سکتا ہے لیکن ون ڈے کی کپتانی اسٹیون کو سونپ دینی چاہیے۔ مائیکل کو ٹیسٹ کپتان بنے رہنا چاہئے۔ اس سے اسمتھ کو کپتانی کیلئے اچھا تجربہ ملے گا۔پونٹنگ نے کہا کہ انہیں کوئی شک نہیں کہ عالمی کپ میں کلارک کپتانی کے لئے بہترین انتخاب ہیں۔ انہوں نے اپنے کالم میں لکھامجھے یہ بھی لگتا ہے کہ عالمی کپ میں مائیکل کو ہی کپتانی کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہااس کی سر زمین پر ٹورنامنٹ کھیلتے ہوئے توقعات کا کافی دباؤ رہتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ مائیکل اپنے تجربے اور کامیابی کے دم پر ان کا بخوبی سامنا کر سکے گا۔انہوں نے کہااسمتھ مستقبل میں اچھے کپتان ثابت ہوں گے لیکن اگلے چھ ہفتے مائیکل کے ہیں جن میں وہ ٹیم کو بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔وہیں چوٹ کی وجہ سے کافی وقت سے نہیں کھیلنے والے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے بدھ کومتحدہ عرب امارات کے خلاف عالمی کپ سے پہلے آخری پریکٹس میچ میں حصہ لیا اور بہترین نصف سنچری بنائی۔کلارک اپنی ٹیم کے اوپنر آرون فنچ کے ساتھ میدان پراوپننگ کرنے اترے اور بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 61 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 64 رن بنائے۔
وہ نوے منٹ تک میدان پر موجود رہے اور اس دوران انہوں نے اپنے ساتھی بلے باز فنچ کا بھرپور ساتھ دیا۔آئندہ 14 فروری سے شروع ہو رہے ورلڈ کپ میں میزبان آسٹریلیا کا پہلا مقابلہ انگلینڈ کے خلاف ہفتہ کو اسی میدان پر ہونا ہے۔
کلارک ہیمسٹرنگ کی اپنی چوٹ کی وجہ سے کافی وقت سے میدا ن پر پریکٹس نہیں کر پا رہے تھے۔ اس کے علاوہ انہیں سلیکٹرز نے 2۔ فروری سے پہلے اپنی فٹنس ثابت کرنے کے لیے کہا تھا۔ اس سال عالمی کپ کی مشترکہ میزبانی کر رہے آسٹریلیا کا 21 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا مقابلہ ہونا ہے۔