دبئی۔آئی سی سی یعنی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ کے پریکٹس میچوں کے پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔آئی سی سی نے عالمی کپ کے دوران کھیلے جانے میچوں کے ٹائم ٹیبل بھی جاری کیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کے مقابلوں سے پہلے مجموعی طور پر 14 پروگرام میچ کھیلے جائیں گے۔یہ میچ 8 سے 13 فروری تک میلبرون، سڈنی، کرائسٹ چرچ اور ایڈیلیڈ میں کھیلے جائیں گے۔پہلا میچ آٹھ فروری کو میزبان آسٹریلیا اور دفاعی چمپئن ہندوستان کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔نو فروری کو چار میچ کھیلے جائیں گے جن میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ سری لنکا سے، میزبان ملک نیوزی لینڈ کا مقابلہ زمبابوے سے، انگلینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا۔10 فروری کو ائرلینڈ بمقابلہ اسکاٹ لینڈ اور افغانستان کا مقابلہ ہندوستان سے ہو گا۔11 فروری کو آٹھ ٹیمیں وارم اپ میچ کھیلی
ں گی۔ جن میں نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ، سری لنکا بمقابلہ زمبابوے، پاکستان کا سامنا انگلینڈ سے ہو گا جبکہ چوتھے میچ میں متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گے۔12 فروری کو سکاٹ لینڈ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہو گا جبکہ آئرلینڈ اور بنگلہ دیش مدمقابل ہوں گے۔13 فروری کو کھیلے جانے والے واحد میچ میں متحدہ عرب امارات کا مقابلہ افعانستان سے ہو گا۔آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق ان میچوں کو شائقین اسٹیڈیم میں آ کر دیکھ سکیں گے لیکن اس کے لیے انھیں رقم ادا کیے بغیر پہلے سے ٹکٹ حاصل کرنا ہو گی۔ ٹکٹ حاصل کرنے کے طریقہ کار کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔وارم اپ میچ میں کوئی بھی ملک اپنے 15 رکنی اسکواڈ کو استعمال کر سکے گا لیکن میدان میں ایک وقت میں 11 کھلاڑی ہی موجود ہوں گے۔اسکے علاوہ آئی سی سی نے میچ شروع ہونے کے اوقات کی تفصیل جاری کی ہے۔کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا میچ 14 فروری کو نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے مابین نیوزی لینڈ کے مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے شروع ہو گا ۔نو فروری کو پاکستان اور بنگلہ دیش کا وارم اپ میچ سڈنی میں پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے جبکہ 11 فروری کو انگلینڈ کے ساتھ دوسرا میچ بھی صبح ساڑھے دس بجے شروع ہو گا۔