میلبورن۔سابق کینگرو بیٹسمین مائیک ہسی نے کہا ہے کہ منتظمین میگا ایونٹ کے لیے سیدھی وکٹیں بنانے کی تیاری کر رہے ہیں ایسے میں اسپنرز کی کامیابی کی امیدیں کم ہی ہیں۔ البتہ چمپئن بولر سعید اجمل اور سنیل نارائن اپنی اسپیشل صلاحیتوں کے بل پر خطرناک ثابت ہو سکتے ہی
ں۔ دلچسپ بات ہے کہ سعید اجمل کو بلاشبہ میں بہترین تسلیم کیا جاتا ہے کہ لیکن ان پر مشکوک ایکشن کا دھبہ لگا کر ایکشن سے باہر کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اگر وہ برسبین میں دیے گئے ٹیسٹ میں کامیاب نہ ہو سکے تو ان پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں سالانہ بریڈمین لنچ کے موقع پر خصوصی خطاب میں انہوں نے کہا کہ سلو بولرز کیلیے ٹورنامنٹ یادگار ثابت نہیں ہو گا، دونوں میزبان ممالک میں اسپن بولنگ کیلیے حالات سازگار نہیں ہوں گے۔ نیوزی لینڈ میں چھوٹے گرائونڈز اور فیلڈنگ پاور پلے کے سبب بیٹسمین اسپنرز کیخلاف زیادہ آزادانہ انداز میں اسٹروک کھیل سکتے ہیں، جبکہ آسٹریلیا میں وکٹیں بھی ان کے لیے مددگار نہیں ہوں گی۔ انہوں نے آئی سی سی بگ تھری سسٹم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اور کہا کہ طاقت کا تین ممالک میں ارتکاز عالمی کرکٹ کا بڑا مسئلہ ہے، اس کے ساتھ ساتھ غیر قانونی بولنگ ایکشن اور کرپشن بھی اہم مسائل میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بولنگ ایکشن کے خلاف آئی سی سی کے اقدامات اور سختی قابل ستائش ہے۔ تاہم موجودہ طریقہ کار میں بولرز آسانی سے نظام کو شکست دے سکتے ہیں، انہیں پکڑنا مشکل ہے جبکہ ایکشن کے درست ہونے کا نہ ہونے کا تعین کرنے کیلیے بولرز کو لیبارٹری میں بھیجنے کا عمل بھی بہت زیادہ اچھا نہیں، بہتر ہو گا کہ میچ کے دوران ایکشن کو جدید آلات کی مدد سے چیک کیا جائے، اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کا میری نظر میں یہی طریقہ ہے۔