نئی دہلی۔(یوا ین آئی) دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے گجرات کے وزیر اعلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیراعظم عہدے کے امیدوار نریندر مودی سے سوال کیا ہے کہ کیا مرکز میں ان کی پارٹی کی حکومت بننے کے بعد گیس کی قیمت آٹھ ڈالر سے کم کرکے چار ڈالر کرے گی۔ ریلائنس گیس کے موضوع کو اٹھاتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے کنوینر مسٹر کیجریوال نے مسٹر مودی کو آج خط لکھ کر پوچھا کہ آخر کار یہ گیس کے موضوع پر خاموش کیوں ہیں۔ کیا مرکز میں ان کی پارٹی کی حکومت بننے کے بعد گیس کی قیمت آٹھ ڈالر سے کم کرکے چار ڈالر کرے گی۔انہوں نے مسٹر مودی سے کہا کہ آپ وزیر اعظم عہدے کے امیدوار ہیں لیکن اب تک اس موضوع پر لب پر خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ عام آدمی اور عوام جاننا چاہتے ہیں کہ اگر آپ وزیر اعظم بنتے ہیں تو کیا گیس کی قیمت آدھی کریں گے۔ مسٹر کیجریوال نے پریس کانفرنس میں کھلا خط جاری کرتے ہوئے بی جے پی کے ساتھ کانگریس کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور الزام لگایا کہ ان دونوں پارٹیوں کے ریلائنس انڈسٹریز کے چیرمین مکیش امبانی سے گہرے رشتے ہیں اور اسی وجہ سے وہ خاموش ہیں۔ یہی نہیں ان کے تعاون سے ہی مکیش امبانی کی کمپنی کے پرسیڈنٹ پریمل نتھوانی حال ہی میں راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔مسٹر کیجریوال نے مسٹر مودی س
ے سوال کیا کہ وہ انتخابی تقریر وں میں بیرون ملک جمع کالا دھن واپس لانے کا وعدہ کرتے ہیں لیکن سوئس بینک میں امبانی برادران کے جو پیسے جمع ہیں کیا اسے بھی واپس لائیں گے۔واضح رہے کہ کیجریوال حکومت نے گیس قیمتوں کے سلسلے میں ساز باز کا الزام لگاتے ہوئے مکیش امبانی ، مرکزی وزیر پیٹرولیم اور قدرتی گیس ویرپا موئلی، سابق وزیر مرلی دیوڑا کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی۔