نئی دہلی:وزیراعظم نریندر مودی نے آج صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کو ‘‘چلتی پھرتی یونیورسٹی’’ سے تشبیہ دیتے ہوئے ملک کے وائس چانسلر ماہر تعلیم اور تکنیکی ماہرین سے صدر جمہوریہ کی رہنمائی لے کے سیکھنے کی درخواست کی۔ مسٹر مودی نے آج راشٹریہ بھون میں پہلی بار منعقد تین روزہ وزیٹرس کانفرنس میں ‘‘ام پرنٹ انڈیا’’ فلیگ شپ اسکیم کے کتابچہ کے اجراء کے بعد یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ کتابچہ کی پہلی جلد صدر جمہوریہ کو پیش کی اور صدر جمہوریہ نے اس آرزومندانہ منصونے اور اس کی ویب سائٹ کا بھی آغاز کیا۔ کانفرنس میں انسانی وسائل کے فروغ کی وزیر اسمرتی ایرانی اور انسانی وسائل کے فروغ کے وزیر مملکت رما شنکر کیٹھریا بھی موجود تھے ۔ملک کے بھی 16 آئی آئی ٹی کے ڈائرکٹر، سینٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور این آئی ٹی اور دیگر بڑے تعلیمی اداروں کے سربراہوں کی موجودگی میں مسٹر مودی نے کہا کہ صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی بذات خود ایک چلتی پھرتی یونیورسٹی ہیں اور مجھے وزیراعظم بننے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ میں ان کے قریب آیا اور ان کی رہنمائی حاصل کی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘‘وہ کسی بھی موضوع کو اتنی باریکی سے بتاتے ہیں کہ آپ ان سے سیکھتے ہیں ان سے ملک کو بہت فائدہ ہوا ہے اور آپ لوگ بھی ان کی رہنمائی میں کافی کچھ سیکھ سکتے ہیں۔’’