ترواننت پورم، 4 جنوری (یو این آئی) وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ ای ۔ خواندگی مہم کے نفاذ سے کیرالہ کی پسماندہ آبادی کا معیار زندگی بہتر ہوسکے گا اور آبادی کے درمیان خلیج بھی پاٹی جاسکے گی۔
یہاں کناکا کنو محل میں مکمل ای خواندگی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام سے کیرالہ کے عام لوگوں کو سوشل میڈیا پر خیالات اور اطلاعات کے تبادلہ میں شریک ہونے کا موقع ملے گا۔ ہمیں اس پہل کو پوریملک میں لے جانے کی ضرورت ہے اس سے حکومت کے عدم ارتکاز خدمات کی بہتر فراہمی، تعلیم، مالیات کے شعبوں میں مدد ملے گی۔یہ پروگرام پی این پانیکر وگیان وکاس کیندر چلارہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام سے نوجوانوں کو پیداواری روزگار کے مواقع کے لئے خود کو بہتر طورپر تیار کرنے میں مدد ملے گی۔اس کے ذریعہ کمیونٹی کی کوششوں کی کامیابیوں سے متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کیرالہ میں خواندگی کی تحریک کی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یہ ریاست کے ایک عظیم سپوت پی این پانیکر کی دین ہے۔ آج کے تیز رفتار مواصلات اور انٹرنیٹ کے دور میں ہم تصور کرسکتے ہیں کہ اس شخص نے کتنی دشواریوں کا سامنا کیا ہوگا جس نے پچھلی صدی کے پہلے نصف میں شمالی کیرالہ کے ایک چھوٹے سے گاوں میں جہالت دور کرنے کے لئے ایک شمع جلائی تھی اور پھر پوری ریاست میں اس پیغام کو پھیلا یا تھا۔بعد میں کیرالہ میں ایک عوامی ثقافتی تحریک چلائی گئی جس کے اختتام پر ریاست نے 1990 کی دہائی میں مکمل خواندگی حاصل کی ۔ کئی سماجی مورخ خواندگی کی مہم کو کیرالہ کی ترقی کے نمونے کی بنیاد سمجھتے ہیں۔