کانپور۔(نامہ نگار)۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو بدھ کے دن کانپور میں آنے والے تھے لیکن وہ نہیں آئے۔ ضلع انتظامیہ نے ان کی آمد کے سلسلہ میں سخت حفاظتی بندوبست کئے ہوئے تھے۔ وزیر اعلیٰ کے نہ آنے سے مختلف محکموں کے افسران نے راحت کی سانس لی لیکن جمعہ کو ان کی آمد کی اطلاع ملنے کے بعد افسران چاق و چوبند ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ کو کانپور کے چڑیا گھر میں ایک تقریب میں شامل ہونا تھا اور انہیں قدوئی نگر میں واقع تربیتی ادارہ کا افتتاح بھی کرنا تھا۔ افسران کو اطلاع موصول ہوئی کہ وزیر اعلیٰ کا دورہ ملتوی کر دیاگیا ہے اور اب وہ جمعہ کو کانپور پہنچیں گے۔ ضلع انتظامیہ نے ان کی آمد سے قبل ہی تیاریاں مکمل کر لی تھیں لیکن اب دوبارہ تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ذریعہ بارش کی پیشن گوئی کر دی گئی تھی۔ کارپوریشن نے سڑکوں کی مرمت کا کام بھی تیزی سے کیا۔