میرٹھ۔ (یو این آئی) اترپردیش کے وزیراعلی اکھیلیش یادو کے سرکاری قافلے میں کروڑوں روپے مالیت کی لگژری گاڑیا ں شامل کئے جانے پر فوج کے ایک ریٹائرڈ کرنل کی قیادت میں لوگوں نے سر کے بل کھڑے ہوکر یہاں انوکھا مظاہرہ کیا ۔مظاہرین کا الزام ہے کہ وزیراعلی کے عیش وآرام کیلئے ان گاڑیوں پر تقریباً ۷کروڑ روپے خرچ کیا جانا سرکار ی بجٹ کا بے جا استعمال ہے جبکہ دوسری جانب ریاست کی گڈھوں سے بھری ہوئی سڑکوں پر عوام کا چلنا بھی مشکل
ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الٹے نظام کے خلاف انہیں الٹے ہی ہونا پڑا ہے۔میرٹھ کی یشودا کنج کالونی میں رہنے والے ریٹائرڈ کرنل راج ویر سنگھ نے گزشتہ روز یہاں ایک کمپلکس میں ایک گھٹنے تک مسلسل سر کے بل کھڑے ہوکر مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ان کے حامی سڑکوں پر گڈھے بھرو پھر مرسڈیز کی سواری کرو اور لیپ ٹاپ نہیں تو ووٹ نہیں جیسے نعرے لگارہے تھے۔