لکھنؤ(نامہ نگار)علی گڑھ پولیس سے انصاف نہ ملنے پر ایک اسٹامپ فروش آج صبح وزیر اعلیٰ کی قیام گاہ پہنچ گیا اس نے وہاں پر خودسوزی کی کوشش کی ۔ یہاں پر پہلے سے موجود گوتم پلی پولیس اور علی گڑھ پولیس نے اس کو پکڑ لیا۔ اس کے بعد پولیس نے اس کو سمجھا بجھا کر کنبہ والوں کے ساتھ علی گڑھ روانہ کر دیا۔
علی گڑھ کی کول تحصیل میں کپل متل اسٹامپ فروخت کرنے کا کام کرتا ہے الزام ہے کہ ایک زمین مافیا کپل پر زمین کی رجسٹری میں جھوٹے گواہ فراہم کرانے کا دباؤ ڈال رہا تھااور اس کے ساتھ مارپیٹ بھی کی تھی۔ بتایاجاتا ہے کہ اس تنازعہ کے سبب فروری ماہ میں ملزم زمین مافیا نے کپل کو گولی مار دی تھی۔ گولی اس کے پیر میں لگی تھی۔ اس واردات کے سلسلہ میں اس نے ملزم کے خلاف رپورٹ بھی
درج کرائی تھی۔ رپورٹ درج ہونے کے بعد بھی ملزم کے خلاف علی گڑھ پولیس نے آج تک کوئی کارروائی نہیں کی۔ کارروائی کے مطالبہ کے سلسلہ میں کپل نے پرنسپل سکریٹری داخلہ و ڈی جی پی سے بھی شکایت کی تھی۔ الزام ہے کہ ملزم اسے مسلسل دھمکی دے رہا ہے۔ اس بات سے پریشان ہو کر کپل دوشنبہ کی صبح وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے نزدیک پہنچا۔ اس نے جیسے ہی پیٹرول سے بھری بوتل نکالی وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا۔ گوتم پلی پولیس اسے تھانے لے گئی۔ کپل کے ساتھ پہلے سے ہی علی گڑھ پولیس اور کنبہ کے کچھ لوگ موجود تھے۔ پولیس افسران نے کپل کو سمجھا بجھا کر اس کو کنبہ والوں کے ساتھ علی گڑھ روانہ کر دیا۔ وہیں گوتم پلی پولیس کا کہنا ہے کہ کپل نے خودسوزی کی کوشش نہیں کی تھی وہ صرف اپنے مطالبات کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ سے ملنے آیا تھا۔