نئی دہلی (وارتا) زندگی بیمہ کارپریشن (ایل آئی سی) وزیر اعظم جن دھن اسکیم کے تحت ہر اکاؤنٹ ہولڈر کو ملنے والے تیس ہزار روپئے کے زندگی بیمہ کی پریمیم کا خرچ برداشت کرنے میں تعمل کرتے نظرآرہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارپوریشن نے وزارت مالیات سے کہا کہ وہ اس کے پریمیم کاخرچ برداشت کرنے کی صورت میں نہیں ہے۔ غور طلب ہے کہ حکومت نے وزیر اعظم نریندر مودی کی اس اہم ترین اسکیم کے تحت ۲۵ جنوری ۲۰۱۵ تک ساڑھے سات کروڑ بینک اکاؤنٹ کھولنے کا ہدف رکھا ہے۔ اس طرح اگر فی اکاؤنٹ ۱۰۰ روپئے کا پریمیم بھی برداشت کرنا پڑا تو ایل آئی سی پر ۷۰۰۔۸۰۰ کروڑ روپئے کا بوجھ پڑے گا۔
اس کے علاوہ جن دھن اسکیم نے ہر ایک اکاؤنٹ ہولڈر کو ایک لاکھ روپئے کے حادثاتی بیمہ دینے کی بھی اسکیم ہے۔ اس کے پریمیم کی رقم قومی ادائیگی کارپوریشن (این پی سی آئی) ادا کرے گا جب کہ حادثاتی بیمہ کور ایچ ڈی ایف سی ایرگو دے گی۔ اس درمیان مالیاتی خدمات کے سکریٹری جی ایس سندھو نے کل ہی عوامی زمرے کے بینکوں کے سیئنر افسران کے ساتھ ایک ملاقات میں جن دھن اسکیم کا جائزہ لیا تھا۔ گذشتہ ۲۸؍ اگست کو شروع کی گئی اسکیم کے تحت ڈہائی کروڑ سے زیادہ اکاؤنٹ کھولے جاچکے ہیں۔