لاہور : ہندوستان کے وزیر اعظم مختصر دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں ان کا استقبال وزیر اعظم نواز شریف نے خود ائر پورٹ پہنچ کر کیا۔
نریندر مودی ہندوستان کی ائر فورس کے طیارے میں لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ پہنچے جہاں ان کے استقبال کے لیے پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت پاکستان کے اعلی حکومتی حکام موجود تھے۔
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کا لاہور ائر پورٹ پر گرمجوشی سے استقبال کیا گیا بعد ازاں وزیراعظم نواز شریف اپنے ہندوستانی ہم منصب کے ہمراہ ائر پورٹ پر موجود ہیلی کاپٹر میں سوار ہو گئے، اور وہاں سے روانہ ہو گئے، ان کو رائے ونڈ میں شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی عمرہ کے جایا گیا، جہاں سے پہنچنے پر نواز شریف نے ان کا تعارف اپنے خاندان کے افراد سے کروایا۔
میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی نواسی کی شادی کی کی تقاریب جاتی عمرہ میں جاری ہیں، نریندر مودی نواز شریف کو اس کی بھی مبارک باد دینے آئے ہیں۔
نریندر مودی کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، قبل ازیں وزیر اعظم نواز شریف مئی 2014 میں ہندوستان گئے تھے، جب مودی نے وزیر اعظم بننے پر نواز شریف کو تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
خیال رہے کہ 11 سال بعد کسی بھی ہندوستان وزیر اعظم کا پاکستان کا دورہ ہے، 2004 میں وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نریندر مودی نے ایک پیغام میں کہا کہ آج دوپہر دہلی واپسی پر وزیر اعظم نواز شریف سے لاہور میں ملاقات ہو گی۔
بشکریہ ڈان