کلکتہ:نوٹوں پرپابندی کی وجہ سے عوام کی پریشانی پر مرکزی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ کہہ کر کہ اس ملک کا غریب طبقہ سکون سے سورہا ہے غریبوں کی توہین کی ہے ۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم نے کل جذباتی تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کا غریب طبقہ سکون سے سورہا ہے ۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ حقیقت نہیں ہے ، میری مودبانہ درخواست وزیر اعظم سے ہے کہ اس طرح سے غریب طبقہ کو نقصان نہیں پہنچایا جائے ۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ فیصلہ عام آدمی کو ہلاک کردینے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 1.5لاکھ کروڑ روپیہ کا ریاست کی جی ڈی پی کو نقصان پہنچا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک کے غریب طبقات کی توہین کی ہے ۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی حکومت کے اس فیصلے کا سب سے زیادہ نقصان غریب طبقہ کو ہی برداشت کرنا پڑرہا ہے ۔ریاست کی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔
وزیر اعظم مودی نے اس اصرار کے ساتھ ملک کی عوام اس پابندی کی حمایت کررہی ہے کیوں کہ بدعنوان اور کالان دھن رکھنے والے پریشان ہیں جب کہ غریب طبقہ آرام سے سورہا ہے ۔
ممتا بنرجی 8نومبر کو وزیر اعظم مودی کے ذریعہ 500اور ہزار روپے کے نوٹ پرپابندی عاید کیے جانے کے بعد سے ہی اس کے خلاف مورچہ کھلے ہوئی ہیں اور اس فیصلے کو غریب و ملک مخالفت بتاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی اور ان کے دوستوں کو پہلے سے ہی اس فیصلے سے آگاہی تھی اور ان لوگوں نے اپنے پیسے کو ٹھکانا لگادیا ہے ۔