نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے فعال حکمرانی اوربروقت عمل آوری کے لئے آئی سی ٹی پر مبنی پرگتی کے ذریعہ ترقیاتی منصوبوں اورپروگراموں پر عمل آوری کا جائز ہ لیا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر شمسی توانائی کے پارکوں کے فروغ کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ یہ شمسی توانائی پارک ملک بھر کی سترہ ریاستوں میں قائم کئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے ریاستی سرکاروں سے زور دے کر کہا کہ شمسی توانائی کے منصوبوں پر تیز رفتار عمل آوری کو یقینی بنانے کی غرض سے معقول پالیسی نظام وضع کئے جائیں۔ وزیر اعظم نے ٹریڈ مارک اور پیٹنٹس کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں پر عمل آوری میں غیر ضروری تاخیر کے لئے تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ اس سے متعلقہ اقدامات عالمی معیارات کے مطابق ایک معقول مدت کے اندر تیار کئے جائیں ۔انہو ں نے پیٹنٹس کیلئے دی جانے والی درخواستوں پرعمل آوری اور اس عمل کے لئے مطلوبہ تعداد میں فارموں میں زبردست کمی کئے جانے کی غرض سے اس پورے عمل کا ازسر نو تعین کئے جانے پر بھی زور دیا۔