نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے اروناچل پردیش کے توانگ میں تودہ گرنے اور زمین کھسکنے سے لوگوں کی موت پر گہرے افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ انہوں نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ وضح رہے کہ اروناچل پردیش کے توانگ ضلع میں تودہ گرنے اور زمین کھسکنے کا یہ حادثہ بومدر کے قریب آج صبح کے وقت ہوا جس میں 15 مزدوروں کی موت ہو گئی اور متعدد دیگر افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے ۔ راحت اور بچاؤ مہم کا معائنہ کر رہے توانگ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق علی الصبح پہاڑ کا ایک بڑا حصہ ورکرز کیمپ پر گر گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب تمام ورکرز گہری نیند میں سو رہے تھے ۔ یہ تمام مزدور آسام کے رہنے والے تھے اور ایک عمارت کی تعمیر کے کام کے لئے یہاں آئے ہوئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک موقع سے 15 لاشیں برآمد کی گئی ہیں اور تلاشی مہم ابھی جاری ہے ۔ہلاک شدگان کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ ایک شخص کو ملبے سے محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا ہے اور قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔