ہزاری باغ، 19 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کل کوڈرما اور ہزاری باغ کے مابین بننے والی نئی ریلوے لائن کو قوم کے نام وقف کریں گے اور دونوں اسٹیشنوں کے درمیان ڈیمو خدامات کو ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ
جن سرکردہ شخصیات کی شرکت متوقع ہے ان میں جھارکھنڈ کے گورنر سید احمد، وزیر اعلی رگھوور داس، مرکزی وزیر ریلوے سریش پربھو، مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے منوج سنہا، مرکزی مالیاتی وزیر مملکت اور ہزاری باغ کے رکن پارلیمنٹ جینت سنہا کے نام شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی رانچی میں برسا منڈا انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دوپہر تین بجے پہنچیں گے ، جہاں سے وہ ایک ہیلی کاپٹر سے ہزاری باغ کے لئے روانہ ہوں گے ۔اس ہائی پروفائل دورہ کے پیش نظر رانچی سمیت ہزاری باغ شہر کے آس پاس اور پروگرام کی جگہ پر حفاظتی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں جہاں نصف درجن آئی پی ایس افسران کو تعینات کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ جھارکھنڈ میں بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کی اکثریتی حکومت برسراقتدار آنے کے بعد یہ مسٹر مودی کا پہلا دورہ ہوگا۔ وہ اس سے پہلے وزیر اعل رگھوور داس کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے والے تھے مگر موسم خراب ہونے کے سبب وہ اس میں شرکت نہیں کرسکے تھے ۔ 79.7 کلومیٹر طویل اس نئی ریلوے لائن میں سات اسٹیشن اور د و ہالٹ ہیں۔ جبکہ اس لائن پر مجموعی طورپر 14 بڑے پل اور 105 چھوٹے پل تعمیر کئے گئے ہیں۔