نئی دہلی(یو این آئی) وقف بورڈ کی املاک پر غیرقانونی قبضہ ، اس کا غلط استعمال اور اقلیتوں کی فلاح اور ترقی سے متعلق۱۵ نکاتی پروگرام پر عمل درآمد نہ ہونے کے مسئلے پر آج کچھ لوگوں نے وزیراعظم من موہن سنگھ کے پروگرام میں رخنہ اندازی کی۔
واضح ہو کہ وزارت اقلیتی امور کے آٹھویں یوم تاسیس کے موقع پر مولانا آزاد روڈ واقع وگیان بھون میں قومی وقف ترقیاتی کارپوریشن کے پروگرام میں افتتاحی تقریر جیسے ہی وزیراعظم نے مکمل کی،کچھ لوگ وقف کی زمینوں پر غیرقانونی قبضہ، اس کا غلط استعمال اور مبینہ بدنظمیوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے مجمع میں احتجاج کرنے لگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا فائدہ عام آدمی کی دسترس میں نہیں ہے۔ اس احتجاج کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ بعد میں پولیس نے انھیں خاموش کرایا اور ہال سے باہر نکال دیا۔ قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام میں یو پی اے چیئر پرسن و کانگریس صدر سونیا گاندھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کر رہی تھیں۔ اس کے علاوہ اقلیتی امور کے کابینی وزیر کے رحمان خان اور وزیر مملکت اقلیتی امور نینانگ ایرنگ بھی پروگرام میں شریک تھے۔