لکھنؤ: جشن لکھنؤ کا افتتاح کل آشیانہ کے بجلی پاسی قلعہ واقع پارک میں ہوگا۔ ۲۲نومبر سے ۲دسمبر تک چلنے والے جشن لکھنؤ کا افتتاح وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو شام ۳۰:۶بجے کریںگے۔ جشن لکھنؤ کے آغاز کا اعلان جمعرات کو رنگ جلوس کے ساتھ کر دیاگیا۔ وہیں جشن لکھنؤ میں منعقد ہونے والے ثقافتی پروگراموں میں حصہ لینے والے فنکاروںکی فہرست بھی طے ہو چکی ہے۔ جس میں گلوکار جاوید علی اور سنیدھی چوہان جیسے بالی ووڈ کی ہستیاں موجود رہیںگی۔ساتھ ہی پنڈت چھنی لال مشرا افتتاح کے دوران اپنا پروگرام پیش کریںگے اور مالنی اوستھی و ارپنا یادو اختتامی شام سجائیںگی۔
لکھنؤ کی شان کہے جانے والے جشن لکھنؤ کی آج رنگا رنگ پروگرام سے شروعات ہوگی۔ جشن کا افتتاح ریاست کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کریںگے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر سیاحت اوم پرکاش اور وزیر مملکت برائے سیاحت ٹھاکر مول چندر چوہان بھی موجود رہیںگے۔ افتتاح کے موقع پر جشن کی تھیم ’جشن وراثت‘ پر لیز رشور پیش کیاجائے گا۔جشن لکھنؤ کا اختتام ۲دسمبر کو گورنر کے ذریعہ ہوگا۔
۲۳نومبر کو نیہا ککڑ اور سنیل پال کا پروگرام پیش کیا جائے گا۔ وہیں ۲۴نومبر کو بالی ووڈ گلوکار جاوید علی پروگرام پیش کریںگے۔ ۲۵نومبر کو کوی سمیلن ہوگا۔ اس کے بعد ۲۶ نومبر کو پیناز مسانی اور پرہلاد ٹپنیا شریک ہوں گے۔ ۲۷ نومبر کو مشاعرہ اور ۲۸نومبر کو شاردا سنہا کاپروگرام ہوگا۔ ۲۹ نومبر کو انڈین اوشن بینڈ، ۳۰نومبر کو گلوکارہ سپنا مکھرجی اور یکم دسمبر کو سنیدھی چوہان اپنے مخصوص انداز سے شائقین کو محظوظ کریںگی۔
۱۰روزہ جشن لکھنؤ کے تحت یکہ تانگہ دوڑ، ونٹیج کار ریلی، پتنگ مقابلہ، رائفل شوٹنگ، کشتی اور آخری دن آتش بازی کا پروگرام پیش کیاجائے گا۔ جشن لکھنؤ کے تحت روزانہ ڈرامے ، رائے اماناتھ بلی آڈیٹوریم میں پیش کئے جائیںگے۔ وہیں شہر کے نوجوان فنکاروں کو اپنے ہنر کا مظاہرہ کرنے کا موقع یوتھ فیسٹول میں دیاجائے گا۔