بدایوں(بھاشا)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر اکھلیش یادو نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ پابند کئے گئے سینئر کابینی وزیر اعظم خاں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے مسٹر خان کی بات سنے بغیر ان کے خلاف کارروائی کی۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے قریبی عزیز اور بدایوں سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار دھرمیندر یادو کی حمایت میں منعقدہ عوامی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خاں کو الیکشن کمیشن نے نوٹس دیا تھا جس کا انہوں نے جواب بھی دیا تھا لیکن ان کی بات پر غور کئے بغیر ہی ان کے خلاف کارروائی کردی گئی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب بھی سماجوادی پارٹی کے لوگوں پر ظلم کئے گئے ہیں عوام نے ان کے حق میں زیادہ سے زیادہ ووٹ دیکر اس کا جواب دیا ہے۔و
زیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اپنی انتخابی مہم پر دس ہزار کروڑ سے زیادہ رقم خرچ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود تو اس بارے میں لوگوں کو بتا بھی رہے ہیں اب اخبارات میں بھی خبریں شائع ہونے لگی ہیں اگر اس کی جانچ کی جائے تو یہ اعداد اور بڑھ سکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی کثیر رقم خرچ کرکے ٹیلی ویژن اور اخبارات کے ذریعہ تشہیر کررہی ہے۔مخالف جماعتوں پر مذہب کے نام پر سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہ صرف سماجوادی پارٹی ہی سیکولر پارٹی ہے جو فرقہ پرست طاقتوں کو آگے بڑھنے سے روک سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سب سے بے وقوف اور چالاک پارٹی ہے اس معاملے میں کوئی پارٹی ان کا مقابلہ نہیں کرسکتی ہے کیونکہ وہ پتھروں کو بھی دودھ پلاسکتی ہے اس لئے عوام کو ایسی طاقتوں سے ہوشیار رہنا چاہئے۔