لکھنؤ(سید وصی اصغر)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور چیف سکریٹری آلوک رنجن کے احکامات کا اثر افسران پر کتنا پڑتا ہے اس کا اندازہ پرانے لکھنؤ میں چل رہے تاریخی عمارتوں کی مرمت اور تزئین کاری کے کام سے لگایا جا سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے ۳۱؍دسمبرتک کے انتباہ کے باوجود سبھی کام نامکمل پڑے ہیں۔ موقع کے حالات بتاتے ہیں کہ اگر صحیح طریقے سے کام ہوا تو بھی اسے مکمل کرنے میں کافی وقت لگے گا۔ حالانکہ وزیر اعلیٰ نے پرنسپل سکریٹری ہاؤسنگ سدا کانت اور سنجیو سرن کا ۱۸؍ستمبر کو ان عہدوں پر اسی شرط پر تعیناتی دی گئی تھی کہ سبھی کام ہر حالت میں مقررہ وقت پر مکمل کرلیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے انتباہ ۲۴؍ستمبر کو دیا تھا۔ پرنسپل سکریٹری سدا کانت اور سنجیو سرن کا ۱۸؍ستمبر کو تبادلہ کردیا گیاتھا۔ دونوں پر ترقیاتی کاموںکو مکمل کرانے میں لاپروائی برتنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔وزیر اعلیٰ نے انتباہ دیتے ہوئے دونوں افسران کے تبادلے پر روک لگادی تھی۔ اس کے علاوہ سات اکتوبر کو چیف سکریٹری آلوک رنجن نے افسران کو انتباہ دیا تھا کہ کام وقت پر ہرحال میں مکمل ہوجانا چاہئے جن کاموں کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے انتباہ دیا تھا اس میں شیش محل کے مین گیٹ کی بات کی جائے تو ابھی صرف اس کا ڈھانچہ ہی کھڑا ہوا ہے۔ ستکھنڈا پارک تو فنیشنگ کے قریب ہے لیکن پکچر گیلری اور گھنٹہ گھر پارک ابھی اسی طرح ہے شیش محل تالاب کا کام تقریباً مکمل ہونے پر ہے ۔ ٹیلے والی مسجد سے جامع مسجد تک کے بجلی نظام کو زیر زمین کرنے کا انتباہ ۱۵؍دسمبر تک تھا۔ لیکن ابھی تک یہ کام نامکمل ہے۔کلاک ٹاور ، گھنٹہ گھر تالاب اور پکچر گیلری کامپلکس کی تزئین کاری کا کام بھی نامکمل ہے۔
ہدایت کے مطابق ان تاریخوں میں مکمل ہونا تھا کام:شیش محل مین گیٹ کی تعمیر ، ستگھنڈا پارک ، گھنٹہ گھر اور پکچر گیلری پارک کی تزئین کاری ۳۱؍دسمبر تک ، حسین آباد وارڈ میں درگا دیوی مارگ پر واقع شیش محل تالاب کی تزئین کاری ۳۱؍دسمبر تک، ٹیلے والی مسجد سے جامع مسجد موڑ تک بجلی نظام کو زیر زمین کرنے سے متعلق کام ۱۵؍دسمبر تک، ٹیلے والی مسجد سے جامع مسجد موڑ تک راستے کو چوڑا کرنے اور تزئین کاری سے متعلق کام ۳۱؍مارچ تک ، پکچر گیلری کامپلکس میں کمیونٹی سینٹر کی تعمیر اور رئیس منزل پارک کی تزئین کاری سے متعلق کام جنوری تک، گومتی ندی کے داہنے پشتے کے ۸۷۰ء۱ کلومیٹر پر مہدی گھاٹ کی تعمیر سے متعلق پروجیکٹ کو جنوری تک،کلاک ٹاور ، گھنٹہ گھر
تالاب اور پکچر گیلری کامپلکس کی تزئین کاری کا کام ۳۱؍دسمبر تک۔
اکھلیش کا ۲۴؍ستمبر کا ایکشن: وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے لکھنؤ کے کئی پروجیکٹس میں امید کے مطابق کام نہ ہونے پر ناراضگی ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے اس پروجیکٹس کے لئے ذمہ دار افسر پرنسپل سکریٹری سدا کانت اور سنجیو سرن کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ سبھی کام ہر حال میں مقررہ مدت میں مکمل ہونا چاہئے ۔ اگر دونوں افسران کو یہ شرط منظور ہوتو ان کے تبادلے منسوخ کرنے پر وہ غور کرسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کے باوجود اگر پیش رفت امید کے مطابق نہیں ہوئی تو دونوں افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
چیف سکریٹری کا ریمائنڈر:چیف سکریٹری آلوک رنجن نے سات اکتوبر کو ایک جلسے میں افسران کو ہدایت دی کہ حکومت کی منشا کے مطابق کام وقت سے مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے لکھنؤ میں واقع تاریخی شیش محل کے مین گیٹ کی تعمیر ، ستکھنڈا پارک، گھنٹہ گھر اور پکچر گیلری پارک کی تزئین کاری کا کام دسمبر تک ہر حال میں مکمل کرادیا جائے۔ حسین آباد وارڈ میں درگا دیوی مارگ پر واقع شیش محل تالاب کی تزئین کاری کاکام ۷۵؍فیصد مکمل ہوجانے پر بقیہ کام دسمبرتک ضرور مکمل کرادئے جائیں۔