لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ گورنر رام نائک نے آج گورنر ہاؤس کے گاندھی جلسہ گاہ میں پکشی نامی پکٹوریل کتاب کا اجراء کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو وزیر سیاسی پنشن راجندر چودھری، پرنسپل سکریٹری جنگلات سنجیو شرن، کتاب کے مصنف نیرج کمار شریواستو اور معاون مصنف امت مشرا موجود تھے۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ نے نیرج شریواستو ، امت مشرا اور ڈاکٹر شیو شنکر ترپاٹھی کو کتاب لکھنے اور اشاعت میں ان کے تعاون کیلئے شال اور گلدستہ دے کر سرفراز کیا۔ گورنر نے کہاکہ آج کا دن ان کیلئے اور گورنر ہاؤس کیلئے بیحد خاص ہے۔ لکھنؤ اترپردیش کی راجدھانی ہے تاریخی عمارتیں اور ہریالی سے آراستہ ہونے کے سبب گورنر ہاؤس کی اپنی اہمیت ہے۔ اگر دوسرے الفاظ میں کہا جائے توگورنر ہاؤس لکھنؤ کی شان ہے۔ یہ کتاب ہندی اور انگریزی میں لکھی گئی ہے جس سے ہندی بولنے والے لوگ بھی اس کا استعمال کر سکتے ہیں۔ عام طور سے کافی ٹیبل بک انگریزی میں دیکھی گئی ہے۔ یہ پہلی ٹیبل بک ہے جو ہندی زبان میںشائع ہوئی ہے۔ گورنر نے مذاق کے لہجہ میں کہا کہ دو زبانوں والی اشاعت ان کی کوشش سے ہی ہوئی ہے۔ اگر آپ کریڈیٹ دیں گے تو ٹھیک ہے نہیں تو میں خود ہی کریڈیٹ لے لوں گا جس پر پورا ہال ٹھہاکوں سے گونج اٹھا۔ گورنر نے کہا کہ یہ کتاب اسکول کالج اور یونیورسٹیوں کی لائبریریوں میں رکھی جانی چاہئے۔ یہ تبھی ممکن ہے جب زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں جس سے پرندوں کو رہنے کاماحول ملے۔ گورنر نے کتاب کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ گورنر ہاؤس احاطہ میں پرندوں کی ۸۶ نسلیں نشانزد کر کے کتاب تیار کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کتاب اترپردیش گورنر ہاؤس کے پرندے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی کتاب ہے جس میں گورنر ہاؤس میں آنے والی چڑیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئی ہے۔ انہوں نے گورنر ہاؤس میں ہریالی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ مناسب ماحول کا اثر درخت اور چڑیوں پر پڑتا ہے۔ ہریالی میں اضافہ ہوگا تو پرندے بھی آئیں گے۔ انہوںنے کہا کہ گھر کے آس پاس چڑیا دکھنا خوشحالی کی علامت ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ محکمہ کے افسران اترپردیش کے پرندے درختوں اور پھولوں کا الگ الگ مجموعہ تیار کریں۔ ترقیات کے ساتھ ساتھ ماحولیات کو درست رکھنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔