لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ریاست کے وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو کے ۵۹ ویں یوم پیدائش کے موقع پر ریاست کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، اسمبلی اسپیکر ماتاپرساد پانڈے، وزیر ثانوی تعلیم رام گووند چودھری، وزیر کھادی گرام ادیوگ نارد رائے سمیت ریاستی حکومت کے وزراء، سماج وادی پارٹی کے اراکین اسمبلی، لیڈران، کارکنان نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کی طویل عمر کی دعا کی اور انہیں مبارک باد پیش کی۔ مسٹر یادو حامیوں کی جانب سے منعقد کھچڑی بھوجھ میں شامل ہوئے اور غریبوں کو کمبل تقسیم کیا۔ سماج وادی پارٹی کے کارکنوںنے جگہ جگہ پروگرام منعقد کر کے لوگوں کوکھانا کھلایا اور پھل و مٹھائیاں تقسیم کیں۔ صبح سے ہی مسٹر یادو کی رہائش گاہ پر لیڈروں اور کارکنوں کے پہنچنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ کارکنوں نے بینر اور ہورڈنگ کے ذریعہ مسٹر شیو پال یادو کو مبارک باد اور ان کی طویل عمر کی خواہش ظاہر کی۔
سماج وادی یوجن سبھا کے کارکنوں نے شیو پال یادو کے یوم پیدائش پر مٹھائیاں تقسیم کیں۔ یوجن سبھا کے سابق ضلع جنرل سکریٹری ہریش یادو کی رہائش گاہ جانکی پورم میں پروگرام منعقد کر کے کارکنوں نے ان کا یوم پیدائش منایا۔ لوہیا جن کلیان سیوا سنستھان کے عہدیداروں نے شیو پال یادو کے یوم پیدائش کو یوم ترقیات کی شکل میں منایا۔ سنستھان کے صدر ستیہ پرکاش مشرا کی قیادت میں غریبوں کو پھل اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔